شہری کی اراضی پر بہادرآباد تھانہ قائم کرنے کی تفصیل طلب

کورٹ رپورٹر  جمعرات 19 ستمبر 2019
رفاہی پلاٹ بلدیہ عظمیٰ کاہے،شہری کی ملکیت ہونیکادعویٰ غلط ہے،وکیل کے ایم سی
فوٹو: فائل

رفاہی پلاٹ بلدیہ عظمیٰ کاہے،شہری کی ملکیت ہونیکادعویٰ غلط ہے،وکیل کے ایم سی فوٹو: فائل

کراچی: ہائیکورٹ نے شہری کی اراضی پر تھانہ بہادر آباد قائم کرنے کے خلاف درخواست پر پولیس حکام سے تھانہ قائم کرنے سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔

جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو شہری کی اراضی پر تھانہ بہادر آباد قائم کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار عارف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے موکل کی اراضی پر بہادر آباد تھانہ قائم کردیا ہے۔

عدالت کئی بار تھانہ ختم کرنے کا حکم دے چکی مگر عمل نہیں ہورہا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی وکیل عذرا مقیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کہ مذکورہ زمین رفاہی پلاٹ ہے اور کے ایم سی کی ملکیت ہے، رفاہی پلاٹ پر تھانہ قائم کرنے اور شہری کی ملکیت ہونے کا دعویٰ غلط ہے، پلاٹ پر قبضہ ختم کرا کر کے ایم سی کے حوالے کیا جائے۔

عدالت نے آبزوریشن دیتے ہوئے کہا کہ 20 سال پہلے کے ایم سی کو خیال کیوں نہیں آیا، بہادر آباد میں زیادہ تر عمارتیں بغیر نقشے کے بنی ہوئی ہیں، عدالت نے پولیس حکام سے تھانہ قائم کرنے سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں، عدالت نے حکم دیا کہ بتایا جائے کہ اراضی پر تھانہ قائم کرنے کے لیے کس نے اجازت نامہ جاری کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔