افغان سیکیورٹی فورسز کی اپنے ہی شہریوں پر فضائی کارروائی میں 30 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 19 ستمبر 2019
افغان وزارت دفاع نے فضائی کارروائی کی تصدیق کردی

افغان وزارت دفاع نے فضائی کارروائی کی تصدیق کردی

افغان صوبے ننگرھار میں افغان سیکیورٹی فورسز نے امریکی فضائیہ کے ساتھ ملکر ایک کارروائی میں اپنے ہی شہریوں کو نشانہ بناڈالا جس کے نیتجے میں 30 شہری ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان سیکیورٹی فورسز نے امریکی فضائیہ کے ساتھ ملکر داعش کے خلاف فضائی کارروائی کی، فضائی کارروائی افغانستان کے صوبے ننگرہار کے ضلع خوگیانی کے علاقے وزیر تنگی میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

افغان فورسز کی فضائی کارروائی میں داعش ٹھکانے تو تباہ نہیں ہوئے البتہ حادثاتی طور پر قریب ہی موجود کھیت میں کسان اس حملے کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں 30 شہری ہلاک اور 40 زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت دفاع نے فضائی کارروائی کی تصدیق کردی۔

صوبہ ننگرہار کے گورنر اور کونسل ممبر سہراب قدیری نے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں 30 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے جب کہ حکومتی سطح پر واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔