اسرائیل، امریکا، بھارت امن کیلئے خطرہ، عالمی ادارے اقدامات کریں، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  جمعـء 20 ستمبر 2019
اقوام متحدہ امن کے عالمی دن کو’ماحول‘کے بجائے کشمیر سے جوڑتا،غضنفرعلی۔ فوٹو: ایکسپریس

اقوام متحدہ امن کے عالمی دن کو’ماحول‘کے بجائے کشمیر سے جوڑتا،غضنفرعلی۔ فوٹو: ایکسپریس

 لاہور:  اسرائیل ، امریکا اور بھارت دنیا کا امن تباہ کر رہے ہیں مگر عالمی ادارے خاموش ہیں ، بدقسمتی سے امن کو خطرہ انہی جگہوں سے ہے جہاں سے امن کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں۔

اگر ’ امن کا عالمی دن ‘ منانے کے بجائے عملی طور پر اقدامات کئے جاتے اور بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دباؤڈالا جاتا تو مثبت نتائج سامنے آتے ، اقوام متحدہ کی جانب سے رواں سال امن کے عالمی دن کو ’ماحول‘ کے ساتھ جوڑا گیا۔

عالمی اداروں کو سمجھنا چاہیے کہ اگر اس خطے میں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ ہوگئی تو دنیا کا ماحول خراب ہوجائیگا ، ملکی سطح پر امن و امان کی صورتحال ماضی کی نسبت بہتر ہے ، حکومت انسانی حقوق کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنا رہی ہے جس سے مزید بہتری آئیگی ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ’’ امن کے عالمی دن ‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ’’ ایکسپریس فورم ‘‘ میں کیا۔

وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کرنیوالوں کیلیے کم ازکم سزا موت تجویز کی ، اگر زینب کے قاتل کو سرعام چوک میں لٹکایا جاتا تو لوگ عبرت حاصل کرتے اور آج دوبارہ ایسا کوئی واقعہ رونما نہ ہوتا ، قصور میں افسوسناک واقعات سامنے آرہے ہیں۔

سوال یہ ہے کہ ایک ہی علاقے سے ایسا کیوں ؟ اگر اس پر حکومتیں موثر کارروائی کرتیں اور لائحہ عمل تیار کیا جاتا تو آج یہ واقعات دوبارہ رونما نہ ہوتے ، اب ہم اس حوالے سے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں اور وزیراعظم بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ، اب انسانی حقوق کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جارہا ہے ، ہمیں مل کر پائیدار امن کیلئے کام کرنا ہوگا ، جب تک دنیا میں ظلم رہے گا تب تک امن قائم نہیں ہوسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔