کربلا کے نزدیک مسافر بس دھماکے سے تباہ، 12 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 ستمبر 2019
جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ فوٹو : ٹویٹر

جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ فوٹو : ٹویٹر

 بغداد: کربلا کے نزدیک ایک مسافر بس زور دار دھماکے سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 12 شہری جاں بحق ہوگئے جب کہ 5 مسافر زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی شہر کربلا کے نزدیک ایک فوجی چیک پوسٹ سے گزرنے والی بس میں زور دار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 12 مسافر جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، دھماکا کربلا اور لاحلہ کے رمیان ایک چیک پوسٹ کے نزدیک ہوا تھا تاہم چیک پوسٹ میں تعینات اہلکار محفوظ رہے۔

ادھر سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ دہشت گردی کی کارروائی تھی یا صرف ایک حادثہ تھا۔ کسی بھی شدت پسند جماعت نے ذمہ داری بھی قبول نہیں کی ہے۔

دوسری جانب عینی شاہدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بس میں دھماکے سے قبل ایک مسافر اپنا بیگ لیے بغیر اتر گیا تھا جس کے فوری بعد دھماکا ہوا۔ زخمیوں نے بھی ابتدائی بیان میں بس سے اترنے والے مسافر پر شک کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ عراقی حکومت نے طویل جنگ کے بعد 2017 میں شدت پسند جنگجو جماعت ‘داعش’ کے مکمل خاتمے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ 2 برسوں میں کی گئی مختلف کارروائیاں جنگجوؤں کی کسی نہ کسی صورت موجودگی ظاہر کرتی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔