زندگی میں کوئی نیکی کی ہوگی کہ مجھے عدنان جیسا شوہر ملا، شائستہ لودھی

ویب ڈیسک  اتوار 22 ستمبر 2019
 تنقید کو مثبت انداز میں لیتی ہوں اور غلطیاں سدھارنے کی کوشش کرتی ہوں، شائستہ لودھی فوٹواسکرین گریب

تنقید کو مثبت انداز میں لیتی ہوں اور غلطیاں سدھارنے کی کوشش کرتی ہوں، شائستہ لودھی فوٹواسکرین گریب

کراچی: سابق مارننگ شو میزبان شائستہ لودھی کا کہنا ہے کہ زندگی میں کوئی نیکی کی ہوگی کہ مجھے عدنان جیسا شوہر ملا۔  

شائستہ لودھی کا شمار پاکستان کی مشہور مارننگ شو میزبانوں میں ہوتا ہے وہ اب مارننگ شو چھوڑ چکی ہیں لیکن ان کا حوالہ شہرت اب بھی مارننگ شو ہی ہے۔ حال ہی میں شائستہ لودھی نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے آن لائن شو ’’ریوائنڈ‘‘میں شرکت کی اور اپنے مارننگ شو کے سفر سے لے کر شادی میں ناکامی اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کئی باتیں شیئر کیں۔

شائستہ لودھی نے اپنی پہلی شادی کی ناکامی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سابق شوہر  بہت اچھے انسان اور بہترین باپ تھے لیکن کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ دو اچھے لوگوں کے درمیان بن نہیں پاتی اور اپنے راستے الگ کرنے میں ہی بہتری ہوتی ہے لہذٰا ہم دونوں نے بھی اپنے راستے جدا کرلیے۔

شائستہ لودھی نے اپنے دوسرے شوہر عدنان کو بھی بہترین انسان قرارد یتے ہوئے کہا کہ عدنان ان کے کزن تھے لہذٰا ان کے بچوں کو ان کے دوسرے شوہر کے ساتھ ایڈجسٹ کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئی بلکہ اب تو معاملہ یہ ہے کہ ان کے بچے ان سے زیادہ ان کے شوہر کے قریب ہیں۔

شائستہ نے اپنے شوہر کے بارے میں دلچسپ بات بتاتے ہوئے کہ شادی سے پہلے وہ اپنے شوہر کے لیے خود دلہن تلاش کررہی تھیں لیکن پھر قسمت نے ایسا پلٹا کھایا کہ ان کی خود کی شادی عدنان سے ہوگئی۔ شائستہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ میں نے زندگی میں کوئی نیکی کی ہوگی کہ مجھے عدنان جیسا شوہر ملا۔

اپنے مارننگ شو کے سفر کے بارے میں شائستہ نے کہاکہ مارننگ شو کے دوران اکثر وہ اسی حلیے میں اپنے بچوں کے اسکول چلی جایاکرتی تھیں جس سے ان کے بچوں کو سخت چڑ ہوتی تھی۔ یہاں تک کہ ایک دن ان کی بیٹی نے کہا کہ آپ اسکول میں کسی کو مت بتانا کہ آپ مارننگ شو کرتی ہیں جسے سن کر شائستہ حیران رہ گئیں اور کہا کیوں نہ بتاؤں کیا مارننگ شو کی میزبانی کرنا اچھا کام نہیں ہے۔

شائستہ نے مزید کہا کہ ان کے بچوں کو اس بات سے بہت چڑہوتی تھی کہ میں مارننگ شو میں شادیاں کراتی ہوں اور وہ مجھے کہتے تھے کہ آپ یہ کیا ہر وقت شادیاں کراتی رہتی ہیں۔ شائستہ کا کہنا تھا کہ اس دوران میں اپنے بچوں پر مکمل توجہ نہیں دے پارہی تھی کیونکہ میرے پاس وقت نہیں ہوتا تھا لیکن  اب جب سے مارننگ شو سے علیحدگی اختیار کی ہے میرا میرے بچوں کے ساتھ رشتہ مضبوط ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔