وزیراعظم کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کررہے ہیں، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  منگل 24 ستمبر 2019
80 لاکھ کشمیری مقبوضہ وادی میں محصور ہیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

80 لاکھ کشمیری مقبوضہ وادی میں محصور ہیں، فردوس عاشق اعوان فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مؤثر اور باوقار انداز سے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ 

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 80 لاکھ کشمیری مقبوضہ وادی میں محصور ہیں۔ وادی جنت نظیر میں مظلوم عوام پر زندگی تنگ، گلیاں ویران اور کوچہ و بازار سنسان پڑے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مؤثر اور باوقار انداز سے مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ اقوام عالم کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتوں کا محور تنازعہ کشمیر اور اس کی موجودہ سنگین صورتحال تھی۔ عمران خان نے دنیا کو باور کرایا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے جس سے امن عالم کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو ختم کرانے پر زور دیا۔ صدر ٹرمپ کا بیان”وزیراعظم عمران خان اور پاکستان پر اعتماد ہے”اور خطے میں قیام امن کے لئے ایران سے بات کرنے کا مینڈیٹ عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں اور دنیا کے پاکستان پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اعتراف ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے دیگر ممالک کے سربراہان، برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، ترکی کے صدر طیب اردگان، ایران کے صدر حسن روحانی اور سوئٹزرلینڈ کے صدر اولی میور سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی، باہمی تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔عمران خان نے دنیا پر واضح کیا کہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔