نیب کی ٹیم سابق ڈی جی پارکس کی ایک تجوری کھولنے میں ناکام

بھاری بھرکم تجوری کھولنے کی تگ و دو میں کئی مرتبہ ڈرل مشین کی بٹیں بھی ٹوٹ گئیں، ذرائع


ویب ڈیسک September 24, 2019
تجوری کھولنے کی کوششوں کے بعد نیب کی ٹیم لیاقت قائم خانی کے گھر سے ناکام واپس لوٹ گئی (فوٹو: فائل)

سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر پر نیب کی ٹیم نے دوبارہ چھاپہ مارا اور لیاقت قائم خانی کے زیر استعمال لاکر کو کھولنے کی تمام ترکوششیں بے نتیجہ رہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کے الزام میں نیب کے زیر حراست کے ایم سی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر پر نیب کی ٹیم نے دوبارہ چھاپہ مارا اور لیاقت قائم خانی کے زیر استعمال لاکر تجوری کھولنے کی تمام تر کوششیں کی گئیں جو بے نتیجہ ثابت ہوئیں۔

یہ پڑھیں: لیاقت قائمخانی کے والد کے نام پر کالج کا انکشاف

نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس کے گھر سے برآمد ہونے والی تجوری کو لیاقت قائمخانی کے اہل خانہ کے سامنے کھولنے کے لیے ان کے گھر پہنچایا گیا تاہم نیب چھاپہ مارٹیم کی جانب سے آہنی لاکر کو کھولنے کے لیے تمام تر اقدامات بے سود رہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیاقت قائمخانی کے خلاف مزید 3 ریفرنسز قائم کرنے کا فیصلہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاکر کو کھولنے کے لیے برقی آلات سمیت دیگر اوزار کا استعمال بے نتیجہ رہا، تجوری کھولنے کی تگ و دو میں کئی مرتبہ ڈرل مشین کی بٹیں بھی ٹوٹ گئیں، بعد ازاں سرتوڑ کوششوں کے بعد نیب کی ٹیم لیاقت قائم خانی کے گھر سے واپس لوٹ گئی، ان کے گھر سے روانہ ہونے والی ٹیم میں خاتون اہل کار بھی شامل تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں