امریکا سعودی عرب میں جدید میزائل اور ریڈار سسٹم نصب کرے گا

سعودیہ میں امریکی میزائل سسٹم پیٹریاٹ اور ریڈار نظام سینٹینل کے ساتھ 200 فوجی تعینات کیے جائیں گے، امریکی وزیر دفاع


ویب ڈیسک September 27, 2019
جدید امریکی میزائل اور ریڈار سسٹم سعودی عرب میں نصب کیا جائے گا (فوٹو : فائل)

سعودی فرماں روا شاہ سلمان کی اجازت کے بعد اب مملکت میں 200 فوجی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جب کہ جدید میزائل سسٹم اور ریڈار نظام سینٹینل بھی نصب ہوں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا سعودی سرزمین پر اپنی فوجی قوت میں اضافے کے لیے پیٹریاٹ میزائل اور جدید راڈار نظام سینٹینل نصب کرے گا جس سے سعودی عرب کے فضائی اور میزائل نظام کو تقویت حاصل ہو گی اور 200 امریکی فوجی بھی سعودی عرب میں تعینات ہوں گے۔

اس حوالے سے امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب امریکا سے پہلے ہی 2 پیٹریاٹ میزائل اور ایک ٹرمینل ہائی آلٹیٹیوڈ ڈیفنس سسٹم (THAAD) کی خریداری کا معاہدہ کر چکا ہے تاہم ابھی ان کی فراہمی نہیں ہوسکی۔ امریکی فوجیوں اور جنگی ساز و سامان کی تعیناتی سعوی فرماں روا کی درخواست پر کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ اس وقت بھی امریکا کے ہزاروں فوجی خلیج فارس میں آئل ٹینکرز کی نقل و حمل کو محفوظ بنانے کے لیے سعودی عرب، بحرین اور قطر میں موجود ہیں جب کہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ بھی امریکی قیادت میں جاری عسکری سرگرمیوں میں شامل ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ سعودی عرب کی تیل کی بڑی تنصیبات پر فضائی حملوں کے بعد امریکا کی عسکری سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے، سعودی عرب اور امریکا نے ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو قرار دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں