’رکیں ! پہلے سیلفی لے لوں‘ اقوام متحدہ میں ایل سیلواڈور کے صدر کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 ستمبر 2019
ایل سیلواڈور کے صدر نے تقریر سے قبل ڈائس پر سیلفی لی اور اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ فوٹو : ٹویٹر

ایل سیلواڈور کے صدر نے تقریر سے قبل ڈائس پر سیلفی لی اور اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔ فوٹو : ٹویٹر

نیویارک سٹی: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس میں ایل سیلواڈور کے صدر نائیک بوکیلے نے ڈائس پر پہنچ کر کیمرہ نکالا اور سب سے پہلے سیلفی لی اور پھر تقریر کا آغاز کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب ایل سیلواڈور کے صدر نائیک بوکیلے کو خطاب کے لیے مدعو کیا گیا، نائیک بوکیلے نے ڈائس پر پہنچ کر سب سے پہلے اپنی جیب سے آئی فون 11 نکالا اور سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ایک منٹ ٹھہریں ! میں ذرا سیلفی لے لوں‘۔

اتنے اہم اور سنجیدہ فورم پر ایل سیلواڈور کے صدر نے سیلفی لینے کے لیے اپنی تقریر کو کچھ لمحے کے لیے موخر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’یقین کریں کہ سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ اس سیلفی دیکھیں گے اور پھر میری تقریر سنیں گے، مجھے امید ہے کہ میں ایک اچھی سیلفی لوں گا۔‘

سیلواڈور کے صدر نے سیلفی میں اجلاس کے صدر اور بیک گراؤنڈ کو بھی شامل کیا اور پھر اپنی تقریر کا آغاز کیا۔ نائیک بوکیلے جو حال ہی میں ایل سیلواڈور کے صدر منتخب ہوئے ہیں اپنے ملک کے ایک کامیاب تاجر ہیں اور وہ اس سے قبل میئر بھی رہ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔