ناجائز منافع خوری پر وزارت غذائی تحفظ کو سخت اقدامات کی ہدایت

خصوصی رپورٹر  اتوار 29 ستمبر 2019
ایف بی آر کو اسمگلنگ کی روک تھام کی ہدایت، ہول سیل اورریٹیل میں منافع میں کمی کیلئے صوبے ٹھوس اقدامات کریں،قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی۔ فوٹو: فائل

ایف بی آر کو اسمگلنگ کی روک تھام کی ہدایت، ہول سیل اورریٹیل میں منافع میں کمی کیلئے صوبے ٹھوس اقدامات کریں،قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے گٹھ جوڑ، ناجائزمنافع خوری اور اجارہ داری کے خاتمہ کیلئے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کی قائم کردہ کمیٹی کوسخت اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس وزارت خزانہ میں سپیشل فنانس سیکرٹری کی زیرصدارت منعقد ہوا اجلاس میں ملک میں ضروری اشیائے خوراک اور غیرغذائی اشیاء کی قیمتوں، سٹاک اوررسد کی صورتحال کاجائزہ لیاگیااجلاس میں صوبائی حکومتوں ، اسلام آبادکیپٹل ٹیریٹری کے ، کابینہ ڈویڑن ، وزارت صنعت وپیداوار، تجارت، وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی، وزارت منصوبہ بندی ، ایف بی آر، وزارت بین الصوبائی رابطہ، مسابقتی کمیشن، پاکستان بیوروبرائے شماریات اوریوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن کے نمائندوں اورحکام نے شرکت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ ضروری اشیاء کی نگرانی سے متعلق حساس اشاریہ (ایس پی آئی) میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 1.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔

اجلاس میں اسلام آباد اورصوبوں میں اشیائے ضروریہ کی مختلف قیمتوں کی صورتحال کابھی جائزہ لیاگیا اوریہ بات نوٹ کی گئی کی قیمتوں میں کمی بیشی موجود ہے۔اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں کئے جانیوالے فیصلوں پرپیش رفت کاجائزہ لیاگیا، حکومت پنجاب کی جانب سے اجلاس کوبتایا گیا کہ کمیٹی کے فیصلے مطابق حکومت پنجاب نے مارکیٹ شکایات کے حوالہ سے آن لائن ایپ ’’قیمت پنجاب‘‘ لانچ کردی ہے اس ایپ کے ذریعے شہری قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے تصویری شکایات بھی درج کراسکتے ہیں۔

دیگرصوبوں نے اسی نوعیت کے ایپ کو متعارف کرانے کیلئے موجودہ انتظامات کے تحت نظرثانی کرنے پرآمادگی کا اظہارکیا، اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کمیٹی کوبتایا گیا کہ چک شہزاد میں نیا سستابازارقائم کردیاگیاہے جس میں 170 سٹالز موجود ہیں، یہ بازارہفتے میں تین روز ہوتاہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے بتایا کہ شہریوںکو سستے نرخوں پراشیاء خوردنوش کی فراہمی کیلئے مختلف یونین کونسلز میں مزید ساتسستا بازارقائم کئے جارہے ہیں میٹروکیش اینڈکیری کے قریب نئے سستا بازارکوبہت جلد آپریشنل کیا جائیگا اس بازارمیں 900 سے زائد سٹالزہوں گے، اس کے علاوہ صارفین کو سستے اشیاء کی فری ہوم ڈیلیوری کیلئے آن لائن ایپ کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول کے ضمن میں چیف سیکرٹری کیلئے سندھ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کے تحت ایک ٹیپ ڈیولپ کیا گیاہے جس کے تحت ضلعی افسران پرائس کنٹرول کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات بارے چیف سیکرٹری کو اسی ٹیب سے آگاہ کرنے کے پابند ہیں خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرزاورمحکمہ خوراک کوضلع اورتحصیل کی سطح پرسستابازارقائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزارت نیشل فوڈ سیکورٹی کی جانب سے اجلاس کوبتایا گیا کہ کارٹلائزیشن، ناجائزمنافع خوری اور اجارہ داری کے خاتمہ کیلئے مسابقتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ایک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیاہے سپیشل سیکرٹری فنانس نے کمیٹی کو کارٹلائزیشن، ناجائزمنافع خوری اور اجارہ داری کے خاتمہ کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

ای سی سی کی ہدایات کی روشنی میں ملک میں گندم اورآٹا کے ذخائر کا بھی جائزہ لیاگیا، وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی کی جانب سے اجلاس کوبتایا گیا کہ ملک میں گندم اورآٹا کی مناسب ذخائر موجودہیں جو ملکی طلب کیلئے کافی ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ روٹی اورآٹا کی قیمتیں مستحکم رہیں گی اجلاس میں بتایاگیا کہ حکومت کی جانب سے عام آدمی کو سستے داموں روٹی کی فراہمی کیلئے تندوروں کودی جانیوالی 1.5 ارب روپے کی زرتلافی کے مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے ہیں۔

انہوں نے عوام الناس کیلئے مناسب قیمت پر روٹی اور نان کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبوں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ ہول سیل اورریٹیل کی سطح پرمنافع کا مارجن بہت زیادہ ہے، اس ضمن میں غیرضروری اور ناجائز منافع خوری کے سدباب کیلئے صوبوں کو ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ عام آدمی کوریلیف فراہم کیا جاسکے اجلاس کے دوران یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو ملک کے دوردرازعلاقوں میں قائم سستا بازاروں میں آوٹ لیٹس قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔

اسلام آباد کی انتظامیہ کووفاقی دارالحکومت اوردیگر علاقوں میں اشیاء کی قیمتوں میں عدم توازن کے خاتمہ کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔