آسمان سے قیدیوں پر موبائل فونز کی بوندا باندی، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 29 ستمبر 2019
ڈرون کے ذریعے موبائل فون اور منشیات پھینکی گئی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

ڈرون کے ذریعے موبائل فون اور منشیات پھینکی گئی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

اوہائیو: امریکی جیل میں آسمان کو تکتے قیدیوں کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں آسمان سے موبائل فون گرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، یہ دراصل جرائم پیشہ افراد کی امریکی جیل میں قید اپنے ساتھیوں کو موبائل فونز اور منشیات کی فراہمی کے لیے ڈرون سروس کے استعمال کا ایک جدید طریقہ ہے جسے سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کرلیا۔

سائنس اور ٹیکنالوجی یوں تو شہریوں کی زندگیوں کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے تخلیق کی جاتی ہیں لیکن جرائم پیشہ افراد اسے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں تاہم یہ ہوشیاری زیادہ دیر چل نہیں پاتی اور کسی نہ کسی سبب بالاخر دھر لیے جاتے ہیں۔

امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ایوکلڈ کی جیل میں بھی ایسا ہی ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے، جرائم پیشہ افراد نے جیل میں قید اپنے ساتھیوں کی بوریت کے شکار ہونے کی شکایت پر موبائل فون اور منشیات کی فراہمی کے لیے ڈرون کا استعمال کیا تاہم خفیہ کیمروں کی آنکھ سے نہ بچ سکے۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک قیدی جیل کے احاطے کے صحن میں کھڑا ہے اور آسمان پر نظر جمائے ہوئے ہے، اچانک آسمان سے ایک پارسل گرتا ہے جسے قیدی تھامنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ دراصل موبائل فون ہے جس کے اندر بھنگ بھی موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔