بولی وڈ کی تاریخ کے چند حادثے

مرزا ظفر بیگ  اتوار 6 اکتوبر 2019
فلموں میں سبھی کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا ہم دیکھتے یا سمجھتے ہیں فوٹو: فائل

فلموں میں سبھی کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا ہم دیکھتے یا سمجھتے ہیں فوٹو: فائل

فلموں میں سبھی کچھ ویسا نہیں ہوتا جیسا ہم دیکھتے یا سمجھتے ہیں، لائٹس اور کیمرے کے ساتھ ایکشن بھی کام کرتا ہے، مگر صرف انہی پر پوری فلم کا انحصار نہیں ہوتا، بلکہ اور بہت سی چیزیں بھی اس کا حصہ ہوتی ہیں، یہاں تک کہ فن کار اور فن کارائیں بھی اس میں اچھا خاصا متحرک اور پرجوش کردار ادا کرتے ہیں۔

ہر فن کار کی زندگی میں حادثے اور انجریز بھی شامل ہوتی ہیں جو ان کی اس فلم کے لیے یادگار بن جاتی ہیں۔ یہاں ہم کچھ اداکاروں کی بات کرتے ہیں جو اپنی فلموں کی شوٹنگ کے دوران کچھ مسائل اور مشکلات کا شکار ہوئے، مگر انہوں نے اسے اپنی پرفارمنس کا حصہ سمجھتے ہوئے بڑی ہمت اور بہادری سے برداشت کیے اور فلمی تاریخ میں خوب شہرت بھی حاصل کی۔

٭ جب امیتابھ بچن فلم ’’قلی‘‘ میں کام کرتے ہوئے زخمی ہوگئے :  یہ بولی وڈ کی فلمی تاریخ کا سب سے یادگار اور ناقابل فراموش واقعہ ہے جب امیتابھ بچن فلم ’’قلی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ دنیا بھر کے اخبارات نے اس ایکسیڈنٹ کی سرخیاں لگائی تھیں۔ امیتابھ کے پرستاروں نے اپنی اپنی عبادت گاہوں میں اس آرٹسٹ کی جلد صحت یابی کی دعائیں بھی کی تھیں۔ اس کی وجہ سے فلم کو بھی پرو ریلیز اچھی خاصی پروموشن ملی تھی۔ ہوا یوں تھا کہ 1982میں فلم ’’قلی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران جب امیتابھ بچن اور ان کے کو اسٹار پنیت ایثار کے درمیان ایک لڑائی کا سین چل رہا تھا تو بگ بی کے پیٹ میں میز کا کونہ گھس گیا جس سے ان کی آنتیں زخمی ہوگئیں۔ انہیں کئی ماہ تک شوٹنگ چھوڑ کر بستر پر آرام کرنا پڑا۔ جب وہ ٹھیک ہوگئے تو فلم کی شوٹنگ دوبارہ شروع کی گئی۔

٭ جان ابراہام ’’شوٹ آؤٹ ایٹ واڈالا‘‘ میں: جس وقت جان ابراہام ’’شوٹ آؤٹ ایٹ واڈالا‘‘ میںکام کررہے تھے تو اس کے کلائمکس سین کی شوٹ کے دوران انیل کپور نے 1.5 کے فاصلے سے اتفاقی طور پر ایک بلینک گولی جان ابراہام پر چلادی جب کہ یہ فاصلہ پندرہ فیٹ کا ہونا چاہیے تھا، چناں چہ وہ گولی جان ابراہام کی گردن کے دائیں حصے کو چھوتی ہوئی گزر گئی جس نے گردن کا وہ حصہ جل گیا اور اس جگہ آج بھی ان کی کالر بون پر نمایاں ہے۔

٭ ایشوریہ رائے فلم ’’خاکی ‘‘ میں: جی ہاں، یہ حادثات صرف مرد اداکاروں کے ساتھ نہیں ہوئے، بلکہ ان میں خواتین فن کار بھی شامل ہیں اور وہ ہیں ایشوریہ رائے۔ وہ ناسک میں ایک ایکشن ڈراما ’’خاکی‘‘ شوٹ کررہی تھیں تو وہ ایک ایسی جیپ سے ٹکراگئیں۔ اس وقت وہ اور تشار کپور ایک فلم کی ریہرسل میں مصروف تھے جہاں جیپ کو آنا تھا اور ان سے بیس فیٹ دور رک جانا تھا، تاہم جیپ ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی اور وہ اسے بریک نہ لگاسکا، ایشوریہ کے بائیں پاؤں میں فریکچر آیا اور کچھ چھوٹی موٹی چوٹیں بھی لگیں۔

٭  رنویر سنگھ ’’غنڈے‘‘ میں: ’’غنڈے‘‘ رنویر سنگھ، ارجن کپور اور پریانکا چوپڑا کی ایک رومانی فلم ہے جس کی شوٹنگ کے دوران دسمبر 2012میں رنویر سنگھ زخمی ہوگئے تھے۔یہ دوسروں کی طرح کوئی ایکشن سین نہیں تھا، بلکہ ایک ڈانس سیکیونس تھا جہاں رنویر سنگھ ایک لاٹھی لیے بلند پلیٹ فارم پر کھڑا تھا کہ وہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور منہ کے بل نیچے گرگیا جس سے اس کا چہرہ زخمی ہوگیا۔ اس کے چہرے پر چند ٹانکے بھی آئے لیکن اس نے اپنی شوٹنگ شیڈول کے مطابق مکمل کی اور اس میں کوئی گیپ نہیں دیا۔

٭  نتن مکیش فلم ’’پلیئرز‘‘ میں: 2011ء میں جب نتن مکیش فلم ’’پلیئرز‘‘ میں کام کررہے تھے تو اتفاقی طور پر اس فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں ایک دو نہیں بلکہ پورے چار فریکچرز آئے، مگر نتن نے کوئی شور نہیں مچایا۔ یہ ان کی فلم ’’دی اٹیلین جاب‘‘ کا ری میک تھا کی دوران شوٹنگ ان کی انگلی کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ مگر انہوں نے بڑے صبر کے ساتھ اپنا کام مکمل کیا اور اپنی ٹوٹی ہوئی انگلی کی زیادہ باتیں نہیں کیں، بلکہ چپ چاپ اپنے کام میں لگے رہے۔

٭  ا کشے کمار فلم راؤڈی راٹھور میں:بولی وڈ کی فلم ’’کھلاڑی‘‘ میں اکشے کمار کو متعدد چوٹیں آئی تھیں، کیوں کہ اس نے اس فلم میں خود ہی بڑے دلیرانہ اسٹنٹس کیے تھے۔ مگر بعد میں راؤڈی راٹھور کی شوٹنگ کرتے ہوئے بھی اسے پری کلائمکس سین میں کندھے پر خاصی چوٹیں آئی تھیں۔ لیکن پھر بھی اس نے فلم کے درمیان کسی بھی طرح کا وقفہ نہیں لیا بلکہ اپنا کام جاری رکھا۔ مگر درد تھا کہ بڑھتا جارہا تھا، اس کے باوجود اس فن کار نے اپنا کام جاری رکھا اور فلم کے تمام مشکل سین مکمل کرالیے۔

٭ ابھیشیک بچن فلم ’’بول بچن‘‘ میں:جونیر بچن کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے جب وہ فلم ’’گول مال‘‘ کی ری میک کے دوران ایک رکشا سے گر کر زخمی ہوگیا تھا۔ اس کی ایک ٹانگ اور ہاتھ بھی زخمی ہوئے تھے۔ یہ حادثہ جے پور میں پیش آیا تھا اور ابھیشیک بچن کی ایک آنکھ کے قریب چھے ٹانکے بھی آئے تھے۔ جب کہ ایک اور فلم ’’دم مارو دم‘‘ کی شوٹنگ کرتے ہوئے بھی اس کی پشت پر کافی چوٹیں آئی تھیں۔

٭سلمان خان فلم ’’وانٹڈ‘‘ میں: دبنگ اسٹار بھی فلموں کی شوٹنگ کے دوران متعدد بار حادثات کا شکار ہوا۔ سب سے پہلے فلم ’’وانٹڈ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان کے سیدھے ہاتھ کی نسیج  پھٹ گئی تھی۔ فلم اس وقت زوروں پر تھی، شوٹنگ کا کام بہت تیز چل رہا تھا، اس وقت کام روک کر کسی بھی قسم کا خطرہ مول نہیں لیا جاسکتا تھا، چناں چہ دبنگ خان نے اپنا کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

٭ شاہ رخ خان فلم ’’دلہا مل گیا‘‘ میں:  شاہ رخ خان 2009 ء فلم ’’دلہا مل گیا‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اس کے کندھے پر چوٹ آگئی جس کے باعث اسے کئی ماہ تک کام روکنا پڑسکتا تھا، کیوں کہ اس کی تین پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں ، ٹخنہ مڑگیا تھا اور سیدھے پیر کا انگوٹھا بھی ٹوٹ گیا تھا۔ اس کے علاوہ ان کی ریڑھ کی ہڈی بھی متاثر ہوئی تھی اور بایاں گھٹنا بھی زخمی ہوا تھا۔ مگر باہمت خان نے ان زخموں کی پروا نہ کی اور اپنی فلم کو پورا وقت دیا اور اسے کام یابی سے ہمکنار بھی کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔