دل کش موسیقی اور مسحور کن دھنوں سے سجے کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کا پہلا پرومو جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 5 اکتوبر 2019
کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کی پہلی قسط 11 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ فوٹو : فیس بک

کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کی پہلی قسط 11 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔ فوٹو : فیس بک

 کراچی: دل آویز شاعری، مسحور کن دھنوں اور سُر و تال کی دھنک لیے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 کا پہلا پرومو جاری کردیا گیا ہے۔

پاکستان میں پاپ موسیقی کو آسمان کی بلندی تک پہنچانے والے معروف میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے سابق رکن روحیل حیات کوک اسٹوڈیو کا 12 واں سیزن لیکر موسیقی کے مداحوں کو اپنی دھنوں کے سحر میں جکڑنے کے لیے آرہے ہیں جس کا پہلا پرومو یوٹیوب پر جاری کردیا گیا ہے جسے صارفین میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوگئی ہے اور چند گھنٹوں میں ہی لاکھوں افراد نے پرومو کو دیکھا جب کہ پہلی قسط 11 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

کوک اسٹوڈیو کے 12 ویں سیزن کے جاندار پرومو نے صارفین کی بے چینی میں مزید اضافہ کردیا ہے، دلکش اور جامع پرومو میں موسیقی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے اور ساتھ ہی اس سیزن میں سُر بکھیرنے والے تمام ہی گلوکاروں کو متعارف کرایا گیا ہے۔ پرومو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ سیزن مداحوں کے دل میں گھر کرلے گا۔

کوک اسٹوڈیو کے سیزن 12 کی کہکشاں کے خوش نما ستاروں میں عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، حدیقہ کیانی، ابرارالحق، عائمہ بیگ، شجاع حیدر، علی سیٹھی، فرید آیاز، فریحہ پرویز، کاشف دن، نمرا رفیق، قراةالعین بلوچ، ریچل ویکاجی، ساحر علی بگا، صنم ماروی، شہاب حسین، عمیر جسوال، زیب بنگش، ذوئی ویکاجی شامل ہیں۔ روحیل حیات اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے ابتدائی 6 سیزن پروڈیوس کر چکے ہیں جنہیں عوام میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی تھیں۔

موسیقی کے دلدادہ افراد کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ روحیل حیات کو دوبارہ سے کوک اسٹوڈیو میں موقع دیا جائے جسے کوک اسٹوڈیو انتظامیہ نے شرف قبولیت بخشتے ہوئے روحیل حیات کو پھر سے مداحوں کے دلوں پر راج کرنے کا موقع دیا ہے۔ صارفین 12 ویں سیزن کے شاہکار گانوں کا بے چینی سے انتظار کرہے ہیں۔ روحیل روایتی اور جدید آلاتِ موسیقی کی تال میل سے سننے والوں کے دل کے تار چھیڑ دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو کے 11 سیزن میں پہلے 6 روحیل حیات اس کے بعد 4 سیزن میوزیکل بینڈ اسٹرنگز اور ایک علی حمزہ نے پروڈیوس کیا ہے تاہم جو مقبولیت روحیل حیات کے سیزنس کو ملی اس سے اسٹرنگز اور علی حمزہ محروم رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔