تھائی لینڈ میں ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں 6 ہاتھی گہری آبشار میں گر کر ہلاک

ویب ڈیسک  پير 7 اکتوبر 2019
مرنے والے ہاتھی پانی میں موجود ہیں جب کہ بچنے والے دو ہاتھی آبشار کے نزدیک کھڑے ہیں (فوٹو : اے ایف پی)

مرنے والے ہاتھی پانی میں موجود ہیں جب کہ بچنے والے دو ہاتھی آبشار کے نزدیک کھڑے ہیں (فوٹو : اے ایف پی)

بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں کھاؤ پائی نیشنل پارک کی آبشار میں بہہ کر 6 ہاتھی گہری کھائی میں گرگئے اور ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے ایک پارک میں ہاتھی کا بچہ پانی پینے کے لیے اس ذخیرہ آب میں چلا گیا جو دراصل ایک آبشار پھوٹنے کی جگہ تھا، بچہ پانی کے ساتھ بہنے لگا تو اس کی ماں بھی بچانے کی کوشش میں بہہ گئی اور ساتھ ہی 4 دیگر ہاتھی ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں گہری کھائی میں گرکر ہلاک ہوگئے جبکہ بچے کو بھی نہیں بچایا جاسکا۔

Elephant fall unto waterfall 2

تھائی لینڈ کے ڈیپارٹمنٹ آف نیشنل پارکس اور وائلڈ لائف اینڈ پلانٹ کنزرویشن نے میڈیا کو بتایا کہ ہاتھیوں کی لاشوں سے پانی کے آلودہ ہونے کا خطرہ ہے، حکام ہاتھیوں کی لاشیں نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے لیے پانی کے بہاؤ کی طرف ایک جال لگا دیا ہے تاکہ مردہ ہاتھیوں کے جسم بہہ کر ڈیم کی طرف نہ چلے جائیں۔

کھاؤ پائی نیشنل پارک کی آبشار ہیئو ناروک حادثات کے لیے مشہور ہے، اس آبشار کے تھائی نام کا مطلب ’دوزخ سے گرنے والی آبشار‘ ہے۔ ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ دو ہاتھی اب بھی اونچائی پر ایک بڑے پتھر پر کھڑے ہیں اور ان کی نگرانی جاری ہے تاہم ان کے بچ جانے کی امکانات بھی کم ہیں۔

Elephant fall unto waterfall 3

واضح رہے کہ 1992ء میں 8 ہاتھیوں کا غول وہاں گر کر ہلاک ہو گیا تھا جس کے بعد آبشار کے نزدیک ایک پشتہ تعمیر کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ جانوروں کو اس میں گرنے سے روکا جا سکے تاہم اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔