تاجروں کی FBR کو 3 روز کی مہلت، پھر ملک گیر ہڑتال کا اعلان

نمائندہ ایکسپریس  منگل 8 اکتوبر 2019
ایف بی آرشناختی کارڈکی شرط پرقائل کرنے میں ناکام،صنعتیں بند،مارکیٹوں میں خریداری 40 فیصدکم ہوگئی،کاشف چوہدری
 فوٹو:ٖفائل

ایف بی آرشناختی کارڈکی شرط پرقائل کرنے میں ناکام،صنعتیں بند،مارکیٹوں میں خریداری 40 فیصدکم ہوگئی،کاشف چوہدری فوٹو:ٖفائل

 اسلام آباد:  مر کزی تنظیم تاجران پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مطالبات تسلیم کرنے کیلیے 3دن کی مہلت  دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 3دن میں جائز مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کی تاجر برادری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کر نے پر مجبور ہو جائیگی۔

مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے زیر اہتمام گزشتہ روز اسلام آباد میں نئے ٹیکسز اور معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر کنونشن ہوا جس میں ملک بھر سے آئے ہو ئے تا جر رہنماؤں نے حکو مت اور ایف بی آر کی معاشی پالیسیوں پر زبر دست تنقید کی،بعد ازاں مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری اورچیئر مین خواجہ سلیمان صدیقی،سید عبدالقیوم آغا کی قیادت میں میلوڈی سے ایف بی آر کی طرف تحفظ معیشت مارچ کیا گیا جسے انتظامیہ نے نادرہ چوک پر روک دیا جہاں پر تاجروں نے دھر نا دیا۔

اس موقع پر ایف بی آر کے اعلیٰ حکام نے تاجر رہنماؤں سے مذاکرات کیے۔ ایف بی آر کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہو ئے محمد کاشف چوہدری نے کہا ہم ایف بی آر کو 3دن کا ٹائم دے رہے ہیں اگر ہمارے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کی تاجر برادری شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کر نے پر مجبور ہو جا ئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔