مہاتیر محمد نے کشمیر سے متعلق اپنا بیان واپس لینے کا بھارتی مطالبہ مسترد کردیا

ویب ڈیسک  منگل 8 اکتوبر 2019
ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنوں گا۔ مہاتیر محمد (فوٹو : فائل)

ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنوں گا۔ مہاتیر محمد (فوٹو : فائل)

کوالا لمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں قابض بھارتی فوجیوں کے کشمیریوں پر مظالم اور قبضے سے متعلق بیان کو واپس لینے کے دباؤ کو مسترد کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے ریمارکس کو واپس لینے کے مطالبے پر کہا ہے کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں اور حال ہی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات میں بھی وہی بات دوہرائی تھی اور جہاں جہاں موقع ملا، کشمیریوں کی آواز بنوں گا۔

یہ خبر پڑھیں: اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود بھارت کشمیر پر قابض ہے، مہاتیر محمد

مہاتیر محمد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو کشمیریوں پر حملہ اور ناجائز قبضہ قرار دیتے ہوئے دنیا کے سامنے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا تھا اور اقوام متحدہ سے اپنی  رٹ قائم کرتے ہوئے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا تھا۔

وزیراعظم مہاتیر محمد کے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر اُٹھانے پر مودی سرکار بلبلا اُٹھی اور وزارت خارجہ کے ترجمان نے ملائیشیا سے بیان واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جس پر ملائیشیا کو مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔