آذربائیجان کے پاکستانی سیاحوں کی تعداد بڑھانے کیلیے اقدامات

بزنس رپورٹر  منگل 8 اکتوبر 2019
ہمارا عزم ہے کہ آذر بائیجان میں پاکستانی سیاحوں کا سفر منفرد اور شاندار بنائیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر آذربائیجان ٹورازم بورڈ (فوٹو : فائل)

ہمارا عزم ہے کہ آذر بائیجان میں پاکستانی سیاحوں کا سفر منفرد اور شاندار بنائیں، چیف ایگزیکٹو آفیسر آذربائیجان ٹورازم بورڈ (فوٹو : فائل)

 کراچی: آذر بائیجان نے پاکستان سے آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی میں شروع ہونے والے تین روزہ پاکستان ٹریول مارٹ 2019ء نمائش میں آذر بائیجان کے نمائندگان بھی شریک ہیں۔ آذربائیجان ٹورازم بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فلوریان سینگزٹشمید نے کہا ہے کہ ہم پاکستان ٹریول مارٹ نمائش کے ذریعے Take Another Look مہم کے ساتھ اپنے ملک کی خصوصی پہچان متعارف کرانے پر خوش ہیں، جنوبی ایشیا ہمارے لیے اہم خطہ ہے اور ہم اس خطے سے آنے والے لوگوں کا خیرمقدم کرتے ہیں اور انہیں آذربائیجان کی سیاحت، تفریحی و کاروباری تقاریب کے مواقع فراہم کرنے پر مسرت محسوس کرتے ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات مستحکم بنانے اور اپنی سیاحت میں مزید وسعت لانے کے لیے پرجوش ہیں، ہمارا عزم ہے کہ آذربائیجان میں پاکستانی سیاحوں کا سفر منفرد اور شاندار بنائیں اور اس سفر سے ان کی طویل عرصے تک خوشگوار یادیں وابستہ رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان سیاحت کا مرکز بن کر ابھر رہا ہے، 2018ء میں دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں نے 2 ارب ڈالر خرچ کیے پاکستان سے 41 ہزار 268 پاکستانیوں نے آذربائیجان کا رخ کیا، سال 2019ء میں جنوری تا اگست 28 ہزار 576 پاکستانی پہلے ہی آذربائیجان کا سفر کرچکے ہیں اور ان کی یہ تعداد گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں 12.9 فیصد زائد ہے۔

فلوریان سینگزٹشمید نے کہا کہ مغربی وضع قطع کا حامل مشرقی ملک آذربائیجان غیرمعمولی عجائبات اور دلچسپ مقامات رکھتا ہے، 5 ہزار سال قدیم تہذیب کے ساتھ یہاں یونیسکو کے منتخب شدہ عالمی ثقافتی ورثے کے تین مقامات ہیں، چین کے عظیم سلک روڈ کے ساتھ لوگوں کی آمد و رفت کے ذریعے اس کا خوبصورت کلچر اب نئے انداز میں ڈھل چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان کے سب سے دلچسپ مقامات کی فہرست میں ’اصحاب کہف‘ کا قدیم مقام شامل ہے جس کا ذکر قرآن پاک میں بھی موجود ہے، اس میں مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے ہزاروں سیاحوں کے لیے کشش ہے، ایلانداگکے کی پہاڑیوں کے درمیان موجود قدرتی غار میں مقدس مقام کو دیکھنے کے لیے ہر سال ہزاروں زائرین آتے ہیں، ایک اور انتہائی مقبول مقام میں یونیسکو کے منتخب شدہ عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل آتش گاہ ہے، یہ فائر ٹیمپل اپنے مسلسل شعلوں سے سیاحوں کو مسحور کردیتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔