کیا اقرا عزیز عالیہ بھٹ سے متاثر ہیں؟

ویب ڈیسک  بدھ 9 اکتوبر 2019
اقرا عزیز اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے معمولات زندگی لوگوں کو بتاتی نظر آئیں گی فوٹوفائل

اقرا عزیز اپنے یوٹیوب چینل پر اپنے معمولات زندگی لوگوں کو بتاتی نظر آئیں گی فوٹوفائل

پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے حال ہی میں اپنا یو ٹیوب چینل لانچ کیا ہے تاہم ان کا چینل بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ سے متاثر نظر آتا ہے۔

جیسے جیسے دنیا ترقی کررہی ہے میڈیا میں بھی جدت آتی جارہی ہے اور اب میڈیا سے زیادہ طاقتور پلیٹ فارم  سوشل میڈیا بن گیا ہے  جس کی اہمیت فنکار بھی سمجھ گئے ہیں۔ جب ہی تو بالی ووڈ ہو یا لالی ووڈ فنکار شوبز کی اس دنیا میں اپنا وجود قائم رکھنے اور لوگوں سے زیادہ سے زیادہ رابطے میں رہنے کے لیے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کررہے ہیں۔ دوسری طرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم کمائی کا ذریعہ بھی ہے۔

فنکاروں کو بھی معلوم ہے کہ اب زمانہ سوشل میڈیا کا ہے اور وہی فنکار  زیادہ دیر تک شوبز کی فیلڈ میں رہ سکتا ہے جو سوشل میڈیا کا بھی استعمال کرے۔ ویسے تو بالی ووڈ اورلالی ووڈ کی کئی اداکارائیں سوشل میڈیا کے طاقتور ترین پلیٹ فارم یوٹیوب پر اپنا چینل بنا چکی ہیں جن میں پریانکا چوپڑا، گوہر خان، نادیہ حسین، نادیہ خان وغیرہ شامل ہیں تاہم یہ اداکارائیں یوٹیوب پر مختلف ٹوٹکے اور میک اپ ٹرکس بتاتی نظر آتی ہیں۔(پریانکا چوپڑا اپنے چینل پر کافی عرصے سے فعال نہیں ہیں۔)

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے تقریباً 4 ماہ قبل اپنا یوٹیوب چینل لانچ کیا تھا جس میں انہوں نے بیوٹی ٹپس اور ٹونے ٹوٹکے بتانے کے بجائے کہا تھا کہ وہ یہ چینل اپنی زندگی کی روزمرہ کی معلومات لوگوں تک پہنچانے کے لیے بنارہی ہیں کہ وہ کیا کرتی ہیں، کیسے رہتی ہیں، شوٹنگ کے دوران کیا کرتی ہیں اور لوگوں کو بتانا چاہتی ہیں کہ عالیہ بھٹ کسی ہے وغیرہ وغیرہ۔ اور اب پاکستانی اداکارہ اقرا عزیز نے بھی اپنا یوٹیوب چینل لانچ کردیا ہے۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ اقرا عزیز نے بھی دیگر ادکاراؤں کی طرح اپنے چینل پر بیوٹی ٹپس اور ٹوٹکے بتانے کے بجائے اپنی زندگی کی روٹین اور روزمرہ کے معمولات لوگوں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے یوٹیوب چینل بنایا ہے۔

اگر عالیہ بھٹ اوراقرا عزیز کے یوٹیوب چینل کا موازنہ کیا جائے تو دونوں کے مواد میں بے حد مماثلت نظر آتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اقرا عزیز کا یوٹیوب چینل عالیہ بھٹ کے چینل سے متاثر ہوکر بنایاگیا ہے۔ اقرا عزیز کے چینل کو اب تک 11 ہزار لوگ سبسکرائب کرچکے ہیں۔

23 سیکنڈ کی ویڈیو میں اقراعزیز نے لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ مجھے کیا پسند ہے، میں کیا کھاتی ہوں، کیا پیتی ہوں، کہاں جاتی ہوں، کہاں سے آتی ہوں تو میرے چینل کو سبسکرائب کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔