پولینڈ میں جنگ عظیم دوم کا بم ناکارہ بناتے ہوئے پھٹ گیا، 2 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 9 اکتوبر 2019
دھماکے میں 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔ فوٹو : فائل

دھماکے میں 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔ فوٹو : فائل

وارسا: پولینڈ میں جنگ عظیم دوم کے بم کو ناکارہ بنانے کے دوران زوردار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے جنگلی علاقے سے جنگ عظیم دوم کے دوران استعمال ہونے والا بارودی مواد سے بھرا بم ملا تھا۔ جرمنی کا یہ بم مٹی کے اندر دبا ہوا تھا اور جنگ کے وقت پھٹ نہیں سکا تھا۔

پولینڈ میں جنگ عظیم دوم کے نہ پھٹ سکنے والے بموں کا ملنا معمول ہے، اس بم کے ملنے پر بھی معمول کی کارروائی کے تحت ناکارہ بنانے کی کوشش کی جارہی تھی کہ وہ پھٹ گیا۔

70 سال سے زائد زمین میں دبے رہنے والے بم کو ناکارہ بنانے والے والے دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 4 اہلکار زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔