میکسیکو میں انتخابی وعدے پورا نہ کرنے پر میئر کو لینے کے دینے پڑگئے

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2019
جنوبی میکسکو کے میئر کو انتخابی وعدے پورے نہ کرنے پر رسیوں سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا ۔ فوٹو: بی بی سی

جنوبی میکسکو کے میئر کو انتخابی وعدے پورے نہ کرنے پر رسیوں سے باندھ کر سڑک پر گھسیٹا گیا ۔ فوٹو: بی بی سی

میکسکو: میکسکو کے میئر کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آکر بالخصوص کسانوں نے ان کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور انہیں باہر نکال کر ایک بڑے ٹرکے کے پیچھے باندھ کر سڑکوں پر گھسیٹا ۔

جنوبی میکسکو کے میئر جارج لوئس ایسکانڈوئن ہرنینڈز نے انتخابات میں کئی وعدے کئے تھے جو پورے نہیں ہوسکے اور اس بنا پر درجنوں افراد نے ان کے دفتر پر حملہ کردیا اور میئر کو عمارت سے باہر نکال کر ایک ٹرک کے پیچھے بہت دیر تک گھسیٹا گیا۔

پولیس نے میئر کو چھڑایا اور اب تک 11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ میئر کو کوئی بڑا زخم نہیں لگا۔ واضح رہے کہ میئر پر یہ دوسرا حملہ تھا۔ اس بار شرکا سڑکوں کی مرمت نہ کروانے پر شدید نالاں تھے جس کا وعدہ میئر نے خود کیا تھا۔

اگرچہ میکسکو میں وزرا اور سرکاری اہلکار منشیات فروشوں کے دباؤ میں رہتے ہیں کیونکہ مجرم گروہوں کی راہ میں آنے والے افراد پر تشدد اور قتل عام بات ہے ۔ لیکن یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ عام افراد نے اپنے مطالبات پورے نہ ہونے پر ایک اہم سرکاری اہلکار کو زدوکوب کیا ہے۔

دوسری جانب میئر نے کہا ہے کہ وہ تشدد کرنے والوں پر اقدامِ قتل اور حبسِ بے جا کا مقدمہ قائم کریں گے۔  اس ضمن میں وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل افراد نے میئر کو ان کے دفتر سے نکالا اور انہیں زبردستی ایک ٹرک کے پیچھے لے گئے۔رسی سے باندھنے کے بعد لوگوں نے سانٹا ریٹا کی سڑکوں پر انہیں گھسیٹا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔