مطالبات کے حصول کے لئے ارکان ایم کیو ایم کی حکومتی وفد سے ملاقات

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اکتوبر 2019
ملاقات میں سندھ حکومت سمیت کراچی کی سیاست سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، فوٹو: فائل

ملاقات میں سندھ حکومت سمیت کراچی کی سیاست سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے مطالبات کے حصول کے لئے حکومتی وفد سے ملاقات کی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اپنے مطالبات کے لیے سرگرم ہوگئی ہے اور اس حوالے سے حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کی حکومتی ٹیم سے اہم ملاقات بھی ہوئی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی، عامر خان، رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چئیرمین امین الحق شامل تھے، جب کہ حکومت کی جانب سے دوسری جانب سے حکومتی ٹیم میں جہانگیرترین، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اعظم کے مشیر شہزاد ارباب شریک ہوئے۔

ملاقات میں سندھ حکومت سمیت کراچی کی سیاست سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، ایم کیو ایم وفد نے کراچی اور حیدرآباد کے حوالہ سے تحفظات سے آگاہ کیا۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم نے ایم کیو ایم وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ایم کیو ایم پاکستان سب سے اہم اتحادی ہے، کراچی کے لوگوں کا ساتھ کھڑے ہیں، سندھ حکومت پیسے نہیں دے گی تو کراچی میں ترقیاتی کاموں کے لئے وفاقی حکومت پیسے دے گی، جب کہ وزیراعظم عمران خان جلد کراچی کا دورہ بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں کراچی پیکج اور اربن ڈویلپمنٹ فنڈز سے متعلق بھی بات چیت پر کی گئی، کراچی پیکج اور اربن ڈویلپمنٹ سے متعلق ایم کیو ایم وفد کی جلد مشیر خزانہ سے ملاقات کرانے پر بھی اتفاق ہوا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔