مسلم لیگ (ن) کا حکومت سے نجات کی مہم شروع کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اکتوبر 2019
کل ن لیگ کا وفد مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا فوٹو:فائل

کل ن لیگ کا وفد مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا فوٹو:فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) نے حکومت سے نجات کیلئے بھرپور مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔  بعدازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اجلاس میں شہباز شریف نے نوازشریف کا خط پڑھ کر سنایا جس میں پارٹی کے لیے آئندہ کی حکمت عملی کی تفصیلات دی گئی ہیں اور نواز شریف نے آزادی مارچ کے مقاصد سے اتفاق کیا ہے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ نواز شریف کی ہدایت ہے کہ بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ حکومت سے نجات حاصل کی جاسکے، ان کی ہدایات کی پارٹی نے تائید کی ہے، کل ہمارا وفد جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا اور انہیں نواز شریف کے خط کے مندرجات سے آگاہ کرے گا، ملاقات میں آزادی مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ آزادی مارچ کی قیادت مولانافضل الرحمان کریں گے اور تمام اپوزیشن جماعتوں نے ان کی حمایت کی ہے، آزادی مارچ میں شرکت کریں گے اس میں کوئی ابہام نہیں ہوناچاہئے۔

احسن اقبال نے ن لیگ میں اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پارٹی کے صدر ہیں اور رہیں گے، ن لیگ میں کوئی اختلاف اور تقسیم نہیں ہے، ن لیگ کےاندرتقسیم سازی کی فیکٹریاں بند ہوجانی چاہئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔