افریقی ملک برکینافاسو میں مسجد پر فائرنگ، 16 نمازی شہید

ویب ڈیسک  اتوار 13 اکتوبر 2019
مسلح افراد نے مسجد میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فوٹو : شفقنہ

مسلح افراد نے مسجد میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فوٹو : شفقنہ

اواگادوگو: افریقی ملک برکینا فاسو میں مسلح افراد نے مسجد میں داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 نمازی شہید ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک برکینا فاسو کی مسجد میں مسلح افراد نے حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس سے 13 نمازی موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ 3 زخمیوں نے اسپتال میں جان جانِ آفریں کی سپرد کردی۔

فائرنگ کی زد میں آکر 7 نمازی زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ یہ مسجد پڑوسی ملک مالی کی سرحد کے نزدیک واقع ہے اور دہشت گردی کے واقعے کے بعد سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

پولیس نے واقعے کے بعد علاقہ کا محاصرہ کرلیا ہے تاہم حملہ آوروں کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے اور نہ ہی حملہ آور کو شناخت کیا جا سکا ہے۔ پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کرلیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس علاقے میں مالی سے سرحد عبور کرکے شدت پسند مسلح گروہ نے اپنا قبضہ جمالیا ہے جس کے باعث سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جب کہ فرقہ ورانہ فسادات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔