حدیقہ کیانی نے اپنی طلاق کی وجہ بتادی

ویب ڈیسک  اتوار 13 اکتوبر 2019
اداکارہ نے 2005ء کے خوف ناک زلزلے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن سے ایک بچے ناد علی کو گود لیا تھا (فوٹو : فائل )

اداکارہ نے 2005ء کے خوف ناک زلزلے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن سے ایک بچے ناد علی کو گود لیا تھا (فوٹو : فائل )

خوش شکل اور خوش لباس حدیقہ کیانی کا شمار پاکستان میں پاپ موسیقی کی گنی چنی کامیاب گلوکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے ہم عصر مرد گلوکاروں کو فن کے میدان میں بہت پیچھے چھوڑ دیا۔ حدیقہ کیانی نے ایک انٹرویو میں اپنی نجی زندگی سے متعلق بھی اہم انکشافات کیے۔

روایتی آلات موسیقی اور جدید میوزک کے دلآویز امتزاج سے گلوکارہ حدیقہ کیانی 1995ء سے 2017ء تک مسحور کن آواز اور مدھر دھنوں سجے اپنے البمز ’راز، روشنی، رنگ، رف کٹ، آسمان اور وجد‘ سے اپنے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہی ہیں۔

نفسیات کی ڈگری رکھنے والی نرم دل اور حساس حدیقہ کیانی نے کئی مقامی اور عالمی ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں، اُن کے نغمے زبان زد عام ہیں اور پاپ موسیقی کے ساتھ ساتھ علاقائی دھنوں پر بھی انہیں کمال مہارت حاصل ہے۔

حدیقہ کیانی کی والدہ 2006ء سے فالج کی مریضہ ہیں اس لیے وہ اپنی والدہ کے ہمراہ رہتی ہیں اور ان کی خدمت میں جتی رہتی ہیں۔ 2005ء کے خوفناک زلزلے کے دوران انہوں نے ایدھی فاؤنڈیش سے ایک بچہ گود لیا تھا اور ناد علی کی پرورش میں کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھی۔

ثمینہ پیر زادہ کے پروگرام میں دوران گفتگو اپنی ازواجی زندگی کے حوالے سے حدیقہ کیانی نے بتایا کہ بچے کو گود لینا میری زندگی کا سب سے حسین تجربہ تھا اور میں اپنے بیٹے ناد علی کے لیے بہت حساس بھی ہوں۔

حدیقہ کیانی نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ ناد علی کی پرورش میں کوئی کمی رہے، اسے باپ کا پیار بھی ملنا چاہیے اور دستاویز میں بھی ایک سرپرست کا ہونا ضروری تھا اس لیے میں نے فوری طور برطانوی تاجر سے شادی کی۔

معروف گلوکارہ نے اپنی زندگی کے اہم موڑ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بدقسمتی سے میرے توقعات پوری نہیں ہوسکیں اور میرا مقصد یعنی ناد علی کو باپ کا پیار اور سرپرستی ملنا پورا نہیں ہوسکا تو میں نے خلع لے لی اور اب میں اپنی ماں اور بیٹے کے ہمراہ ایک خوشگوار زندگی جی رہی ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔