چائے کیوں نہیں بنائی... شوہر نے کلہاڑی سے بیوی کی ناک کاٹ دی

ویب ڈیسک  پير 14 اکتوبر 2019
پاکستان میں 70 سے 90 فیصد تک خواتین کو گھریلو تشدد کا سامنا ہے۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان میں 70 سے 90 فیصد تک خواتین کو گھریلو تشدد کا سامنا ہے۔ (فوٹو: فائل)

میاں چنوں: بیوی کے چائے نہ بنانے پر شوہر نے اپنے بھائی اور کزن کے ساتھ مل کر بیوی پر بدترین تشدد کیا اور کلہاڑی کے وار سے اس کی ناک بھی کاٹ ڈالی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ واقعہ میاں چنوں کے علاقے تھانہ صدر کے گاؤں 97 پندرہ ایل میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون پروین بی بی نے پولیس کو بتایا کہ اس کے شوہر دمیرا نے اپنے بھائی امیرا اور کزن مشتاق کے ساتھ مل کر اس پر بہیمانہ تشدد کیا جس سے اس کے ہاتھ، بازو اور جسم کے دوسرے حصوں پر بھی چوٹیں آئیں۔

پروین بی بی نے پولیس کو بتایا کہ وہ گھروں میں کام کاج کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتی ہے اور اسے پہلے بھی گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ اس بار بھی اسے صرف اس وجہ سے بے رحمانہ طور پر زد و کوب کیا گیا کیونکہ اس نے اپنے شوہر اور اس کے بھائی اور کزن کےلیے چائے بنانے سے منع کردیا تھا۔

پروین بی بی کے شوہر دمیرا نے اپنی ’مردانگی‘ ثابت کرنے اور پروین کو ’سبق‘ سکھانے کےلیے کلہاڑی سے اس کی ناک بھی کاٹ ڈالی۔

میاں چنوں میں تھانہ صدر پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا ہے جبکہ متاثرہ خاتون اس وقت ٹی ایچ کیو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ایک سروے کے مطابق، پاکستان میں 70 سے 90 فیصد خواتین کو گھریلو تشدد کا سامنا ہے جس میں ذہنی اذیت رسانی اور جسمانی تشدد سے لے کر قتل تک شامل ہیں۔

اگرچہ پاکستان میں حقوقِ نسواں کے قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے یہ واقعات نہ صرف بغیر روک ٹوک کے جاری ہیں بلکہ ان میں ہر سال اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔