بھارت میں گیس سیلنڈر دھماکے سے 13 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  پير 14 اکتوبر 2019
دھماکے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 بری طرح جھلس گئے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

دھماکے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 2 بری طرح جھلس گئے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

لکھنؤ: بھارتی ریاست اتر پردیش میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 13 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی ریاست اُتر پردیش کے ایک گھر میں گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ گھر کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جب کہ آس پاس کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد گھر میں آگ بھڑک اُٹھی۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے گھر کے ملبے سے 13 لاشوں کو نکالا ہے جن میں سے 4 لاشیں بری طرح جلی ہوئی تھیں، 6 زخمیوں میں سے بھی بعض بری طرح جھلسے ہوئے تھے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے اب بھی کئی لوگ دبے ہوئے ہیں تاہم درست تعداد کا علم نہیں، ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔ تنگ گلیوں کے باعث ہیوی مشینری کے داخلے میں دشواری ہورہی ہے اور امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔