بھارتی ہاکی ٹیم کی گاڑی کو حادثہ، 4 کھلاڑی ہلاک اور 3 زخمی

ویب ڈیسک  پير 14 اکتوبر 2019
ہلاک اور زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کی عمریں 16 سے 22 سال کے درمیان ہے۔ فوٹو : اے این آئی

ہلاک اور زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کی عمریں 16 سے 22 سال کے درمیان ہے۔ فوٹو : اے این آئی

بھوپال: بھارت میں آل انڈیا ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کے لیے جانے والی کھلاڑیوں کی کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں قومی سطح کے 4 کھلاڑی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال کے نزدیک ایک کار حادثے میں قومی سطح کے ہاکی کھلاڑی شاہنواز خان، آدرش، اشیش لال اور انکیٹ ورن ہلاک ہوگئے، چاروں کی عمریں 16 اور 17 برس تھیں۔

ٹریفک حادثے میں 3 کھلاڑی زخمی بھی ہوئے جن میں اکشے آواستی، شون اور ساحل شامل ہیں جن کی عمریں 17 سے 22 سال کے درمیان ہیں،  اکشے آواستی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

زخمی ڈرائیور نے اپنے بیان میں بتایا کہ سامنے سے آنے والی جیپ سے بچنے کے لیے گاڑی کو کنارے پر لانے کی کوشش میں قابو کھو بیٹھا اور حادثے کا شکار ہوگیا۔

ٹریفک حادثے کے بعد ٹورنامنٹ کا فائنل منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ حکومت کی جانب سے ہلاک ہونے والے کھلاڑیوں کے اہل خانہ کے لیے فی کس 7 لاکھ امدادی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔