دیس بدیس کے کھانے

شاہدہ ریحانہ  منگل 15 اکتوبر 2019
بنائیے اپنی پسند کے مزیدار نان۔فوٹو: فائل

بنائیے اپنی پسند کے مزیدار نان۔فوٹو: فائل

پُھلکا
اجزا:
فائن اور چکی کا آٹا (آیک ایک پائو)
نمک (آدھا چائے کا چمچا)
نیم گرم پانی (حسب ضرورت)
مکھن، گھی یا تیل (ایک کھانے کا چمچا)
ترکیب:
آٹے میں تمام چیزیں اچھی طرح ملائیں اور پھر اِسے نیم گرم پانی سے گوندھ لیں اور ململ کا گیلا کپڑا اوپر ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پُھلکا بنانے کے لیے الٹا توا استعمال کریں یا سیدھے توے پر الٹ پلٹ کر پھلکا بنانے کے لیے اسے چولھے پر سینک لیں پھلکا بنانے کے لیے بازار میں لوہے یا سٹیل کے تاروں سے بنا ہوا سانچہ بھی ملتا ہے، جس کی قیمت بھی زیادہ نہیں، وہ خرید لیں اور پُھلکے گھر پر خود بنائیں۔ آٹے کی دی گئی مقدار سے 10 پیڑے بنالیں اور ہر پیڑے کو اتنا بیلیں کہ وہ روٹی کی شکل اختیار کر لے پھر اسے توے پر یا سانچے پر ڈال کر سینک لیں اسی طرح سے تمام پیڑوں کو بیل کر تیار کرلیں۔

افغانی نان
اجزا:
ملا ہوا آٹا (آدھا کلو)
دودھ (ایک پیالی)
چینی (ایک چائے کا چمچا)
گھی (ایک کھانے کا چمچا)
نمک (آدھا چائے کا چمچا)
انڈہ (ایک عدد)

ترکیب:
آٹے میں خمیر یا کھانے کا سوڈا شامل کرکے اس میں سوائے انڈے کے، باقی تمام اجزا شامل کرکے نیم گرم پانی سے گوندھ لیں اور ڈھک کر ایک گھنٹے کے لیے کسی گرم یا نچلی جگہ پر رکھ دیں۔ تاکہ آٹا خوب خمیر ہو جائے۔ اب آٹے کے درمیانی پیڑے بناکر ایک پھینٹے ہوئے انڈے کے ساتھ تندور والے کو نان بنانے کے لیے دے دیں اور کہلوا دیں کہ نان تندور میں لگانے سے قبل پھینٹا ہوا انڈا لگادیں، تو سنہری نان تیار ہو جائیں گی۔ اگر گھر پر بنا رہی ہوں، تو اوون کی ٹرے میں گھی لگاکر گرم کریں اور نان بنا کر اس پر انڈا لگا دیں اور مناسب فاصلے پر رکھ کر بیک کرلیں۔

نان
اجزا:
فائن اور چکی کا آٹا (آیک ایک پائو)
کلونجی، کالے تل، یا سفید تل (حسب ضرورت)
کھانے کا سوڈا (حسب ضرورت)
نیم گرم دودھ (50 ملی لیٹر)
پھینٹا ہوا انڈہ (ایک عدد)
نمک (ایک چائے کا چمچا)
چینی (آدھا چائے کا چمچا)
دہی (125 گرام)
گھی یا مکھن (50 گرام)

ترکیب:
فائن اور چکی کا آٹا اچھی طرح ملا لیں اور پھر اس آٹے میں تمام اجزا ملائیں اور نیم گرم پانی اور دودھ سے آٹا گوندھ لیں، ایک بڑے اسٹیل کے برتن میں آٹا رکھیں، تاکہ جب اس میں خمیر اٹھے، تو اسے پھیلنے کی جگہ مل سکے۔ اس کے بعد آٹے کو ململ کے کپڑے سے ڈھک کر نچلی جگہ یا زمین پر رکھیں، جب آٹا پھیل کر دُگنا ہو جائے، تو اس کے 8 پیڑے بنا کر تندور پر بھیج دیں کہ وہ نان بنا کر دے، اسے تل وغیرہ بھی دے دیں، تاکہ وہ اوپر سے لگاکر پھر نان کو تندور میں لگائے، گھر پر اوون میں بنانے کے لیے درمیانی روٹیاں بیل کر اوپر سے اپنی پسند کے تل یا کلونجی چھڑک دیں اور بیکنگ ٹرے میں گھی لگاکر بیک کرلیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔