پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادروطن کادفاع کرنا جانتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2019
بھارتی وزیر دفاع کا بیان طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

بھارتی وزیر دفاع کا بیان طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے اشتعال انگیز بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادروطن کادفاع کرنا جانتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا پاکستان کی سالمیت سے متعلق بیان اشتعال انگیز اور بی جے پی حکومت کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے، ان کا بیان انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے، بھارتی وزیر دفاع ایک خود مختار ریاست کو توڑنے کی دھمکیاں دیتا ہے، پاکستان راج ناتھ سنگھ کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔