کراچی میں قتل ہونے والی طالبہ کے والد نے قاتل کو شناخت کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2019
مقتولہ کے والد نے مقامی عدالت کے سامنے ملزم نبی افغانی کو شناخت کیا، فوٹو: فائل

مقتولہ کے والد نے مقامی عدالت کے سامنے ملزم نبی افغانی کو شناخت کیا، فوٹو: فائل

 کراچی: میڈیکل کی طالبہ مصباح کےوالد نے  بیٹی کے قاتل کو شناخت کرلیا۔

کراچی کےعلاقے گلشن اقبال میں اسٹریٹ کرائم کی واردات کے دوران ڈاکوں کی فائرنگ سے قتل ہونے والی طالبہ مصباح کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، مقتولہ کے والد نے مقامی عدالت کے سامنے ملزم نبی افغانی کو شناخت کرلیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو میڈیکل طالبہ مصباح کے قتل کیس میں ملزم کی شناخت پریڈ ہوئی۔ مصباح کے والد نے ملزم نبی افغانی کو مجسٹریٹ کے روبرو شناخت کر لیا۔ مصباح کے والد نے 10 ڈمی ملزمان کے بیچ ملزم کو شناخت کیا۔ ملزم 17 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے طالبہ جاں بحق

یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو گلشن اقبال کے علاقے بلاک 1 میں موچی موڑ کے قریب فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی تھی جس کی شناخت 24 سالہ مصباح کے نام سے ہوئی جو یونی ورسٹی کی طالبہ تھی۔

پولیس کے مطابق صبح 7 بجے مصباح اپنے والد کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ کر جامعہ کی بس کا انتظار کر رہی تھی کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے اسلحہ کے زور پر گاڑی میں سوار والد سے لوٹ مار کی۔

مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مصباح کو سر پر ایک گولی لگی جبکہ مسلح ملزمان فرار ہوگئے۔ اسے زخمی حالت میں قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔  مصباح یونیورسٹی میں تھرڈ ایئر کی طالبہ تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔