مذہبی جنونیت، قوم پرستی اور انتہا پسندانہ سوچ میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے، جنرل زبیر محمود

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2019
دنیا میں تنازعات پر زیادہ زور اور ان کے حل پر کم ہے، زبیر محمود حیات ( فوٹو: فائل)

دنیا میں تنازعات پر زیادہ زور اور ان کے حل پر کم ہے، زبیر محمود حیات ( فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی اور طبقاتی تفریق بڑھ رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں امن اور استحکام کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ قوموں کے درمیان تعلقات سیاسی و معاشی تناظر کی بنیاد پر بدلتے رہتے ہیں, قومیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے لائحہ عمل طے کرتی ہیں۔

جنرل زبیر محمود حیات نے مزید کہا کہ دنیا میں قوم پرستی ایک نئے نام کے ساتھ پوری شدت کے ساتھ سامنے آرہی ہے جس کے منفی رجحان زیادہ ہیں، مذہبی جنونیت، قوم پرستی اور انتہا پسندانہ سوچ میں اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا کہنا تھا کہ دنیا میں تنازعات پر زیادہ زور اور ان کے حل پر کم ہے، جنوبی ایشیا کئی لحاظ سے دنیا کے باقی خطوں سے منفرد حیثیت رکھتا ہے یہ خطہ قدرتی وسائل ، معاشی مواقع اور فطری حسن سے مالا مال ہے اور اس کے مسائل بھی باقی دنیا سے الگ ہیں۔

جنرل زبیر حیات نے جنوبی ایشیا میں پاکستان کے محل وقوع، جغرافیائی اہمیت، قابل فخر ثقافت اور سیاسی حیثیت پر بھی اظہار خیال کیا اور پاکستان کی خطے میں قیام امن کے لیے قربانیوں اور کاوشوں کا تذکرہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔