محکمہ موسمیات کی کراچی میں آج اور کل گرمی کی پیش گوئی

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 اکتوبر 2019
دو روز تک درجہ حرارت 36سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو : فائل

دو روز تک درجہ حرارت 36سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو : فائل

 کراچی: محکمہ موسمیات نے آج اور کل گرم دن رہنے کی پیش گوئی کردی، گرمی کا پارہ 38 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق آج اور کل جمعرات کو شہر میں گرمی پارہ بلند رہنے کا امکان ہے جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو بھی سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں صبح سے دوپہر کے درمیان معطل ہونے جبکہ شمال مغربی ہواؤں کا شہر پر اثرہونے کے سبب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، سمندری ہواؤں کی رفتار صرف 8 کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رات اور صبح کے وقت شہر میں ہلکی پھلکی خنکی جبکہ دن کے وقت تیز دھوپ اور گرمی پڑنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب متوازن ہونے کی وجہ سے ہیٹ ویو جیسی صورتحال ہونے کا امکان نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔