دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی مرمت، نصف شہر میں 3 دن تک فراہمی آب بند

اسٹاف رپورٹر  بدھ 16 اکتوبر 2019
کراچی کو دھابیجی کے 13پمپس سے پانی کی فراہمی معطل رہے گی،دیگر 8پمپس سے پانی فراہم کرتے رہیں گے،شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں،واٹربورڈ
  فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی کو دھابیجی کے 13پمپس سے پانی کی فراہمی معطل رہے گی،دیگر 8پمپس سے پانی فراہم کرتے رہیں گے،شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں،واٹربورڈ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی:  شہری آج سے72 گھنٹے تک پا نی احتیاط سے استعمال کریں ،دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر مرمتی کام کی وجہ سے بدھ سے شہر کو پانی کی فراہمی بند ہو جائے گی جب کہ 3 دن تک تمام سرکاری ہائیڈرنٹ بھی بند رہیں گے۔

ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق کراچی کو فراہمی آب کی بہتری کیلیے واٹربورڈ کے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کیے جانیوالے امور کی انجام دہی کے بدھ16اکتوبرکو 16گھنٹے کیلیے کراچی کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی جزوی بند رہے گی۔

واٹر بورڈ کراچی کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلیے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر ضروری امور انجام دے رہا ہے ،اس دوران کے الیکٹرک کی جانب سے بھی گرڈ اسٹیشن کے مرمتی کام سرانجام دیے جائیں گے،اس سبب بدھ 16اکتوبر کوصبح 11بجے سے کراچی کو دھابیجی کے 13پمپس سے پانی کی فراہمی معطل رہے گی جبکہ دیگر 8پمپس معمول کے مطابق پانی فراہم کرتے رہیں گے۔

کام کے دوران کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی معطل رہے گی، واٹربورڈ شہریوں کو پریشانی سے بچانے کے پیش نظر وقت مقررہ سے قبل کام کی تکمیل کی کوشش کریگا۔

ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کیلیے پانی ذخیرہ کرلیں اور احتیاط سے استعمال کریں، واٹر بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ مر متی کام کے بعد جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کو کھولا جائیگا تو فراہمی آب کو معمو ل پر آنے میں بھی کافی وقت لگتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔