وزیراعظم دورہ سعودی عرب مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 16 اکتوبر 2019
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس آئی ودیگر سینئر افسران بھی وزیراعظم کےہمراہ تھے، فوٹوفائل

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس آئی ودیگر سینئر افسران بھی وزیراعظم کےہمراہ تھے، فوٹوفائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔

وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر سعودی عرب گئے تھے جہاں انہوں نے سعودی فرمانرا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کی راہ اختیار کرنے اور ایران کے سپریم لیڈر اور صدر حسن روحانی سے ملاقاتوں میں آنے والی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری اور دیگر سینئر افسران بھی وزیراعظم کےہمراہ تھے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیرا عظم نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صارتحال اور بھارت کے 5 اگست کے جابرانہ اقدام سے بھی آگاہ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔