امریکا کی ایرانی تیل سپلائی کرنے پر چین کو دھمکی

ویب ڈیسک  بدھ 16 اکتوبر 2019
امریکا اور چین کے درمیان پہلے ہی معاشی تناؤ اپنے عروج پر ہے۔ فوٹو : فائل

امریکا اور چین کے درمیان پہلے ہی معاشی تناؤ اپنے عروج پر ہے۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکا نے خفیہ طور پر ایرانی تیل لے جانے والی چینی بحری کمپنیوں کو متنبہ کیا ہے کہ ایران سے تیل کی خرید و فروخت سے باز رہیں ورنہ نقصان کی ذمہ دار ہوں گی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے امریکی پابندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایران سے تیل کی تجارت جاری رکھی ہوئی ہے جس پر وائٹ ہاؤس نے چینی کمپنیوں کو اپنے بحری جہاز کے ’ٹریکنگ موڈ آف‘ کرکے خفیہ طور ایرانی تیل کی ترسیل سے باز رہنے کو کہا ہے۔

یہ خبر پڑھیں: امریکا کی چین کے حکمراں جماعت کے رہنماؤں اور افسران پر سفری پابندی

اس حوالے سے دو اہم امریکی حکام  نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چینی کمپنیاں ایران سے تیل خرید کر خفیہ طور پر ترسیل کرتی ہیں، امریکا اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہا ہے، چینی کمپنیوں کو مزید پابندیوں کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 25 تاریخ کو امریکا نے 5 چینی شخصیات اور 2 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی تھیں جن پر ایرانی تیل کی خفیہ ترسیل کا الزام تھا جس کے بعد ان کمپنیوں نے ٹریکنگ سے بچنے کیلیے ’لوکیشن ڈیٹا‘ بند کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔