کراچی سپرہائی وے پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  بدھ 16 اکتوبر 2019
گاٹھور پل پر ٹرانسپورٹر احتجاج کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، پولیس۔ (فوٹو: فائل)

گاٹھور پل پر ٹرانسپورٹر احتجاج کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، پولیس۔ (فوٹو: فائل)

کراچی: سپرہائی وے کاٹھور پل پر فائرنگ سے3 افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے کو ملانے والے کاٹھور پل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں مقتولین کی شناخت 40 سالہ نیاز علی،  36 سالہ ایوب اور تیسرے جاں بحق شخص کی شناخت رسول خان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کاٹھور پل پر ٹرانسپورٹر احتجاج کررہے تھے کہ  نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ دوسری جانب مقتولین کے ساتھیوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 5 دن سے ان کی گاڑیاں کاٹھور پل پر روک دی گئی تھیں اور انتظامیہ کی جانب سے جواز بتایا گیا کہ ان کی گاڑیاں گنجائش سے زائد وزن کی وجہ سے روکی گئی ہیں۔

ڈرائیوز کے مطابق ان کی گاڑیاں شہر کے اندر داخل ہونے نہیں دی جارہی تھیں اس لئے تمام ڈرائیورز نے احتجاج شروع کیا تو انتظامیہ کی جانب سے فارئرنگ کردی گئی جس کے نتیجے میں ان کے 3 ساتھی جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کے خلاف ڈرائیورز نے احتجاج شروع کردیا اور ٹرانسپورٹرز نے موٹر وے کے دونوں ٹریکس بند کردیئے، ان کا کہنا ہے کہ  انصاف ملنے تک میتوں کے ہمراہ احتجاج کریں گے۔ دوسری جانب آئی جی سندھ کلیم امام  نے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔