شاہی جوڑے کا دورہ دنیا کو پاکستان کی مثبت پہچان کرائے گا، مہوش حیات

ویب ڈیسک  بدھ 16 اکتوبر 2019
شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر کافی پرجوش ہوں،مہوش حیات۔ فوٹو: فائل

شاہی جوڑے کی پاکستان آمد پر کافی پرجوش ہوں،مہوش حیات۔ فوٹو: فائل

 کراچی: تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ مہوش حیات نے برطانوی شاہی مہمان کی آمد پر کہا کہ شاہی جوڑے کا دورہ دنیا بھر کو پاکستان کی اصل مثبت پہچان کرائے گا۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ دورے کے موقع پر انہوں نے وزیر اعظم اور صدر پاکستان سے بھی ملاقات کی اور کئی جگہوں کا دورہ بھی کیا۔ تاہم گزشتہ روز یہ جوڑا قومی یادگار پہنچا جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

مہوش حیات نے بھی گزشتہ روز دیئے جانے والے عشائیے میں شرکت کی اور برطانوی جوڑے سے ملاقات بھی کی تاہم اس حوالے سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹام گرام پر ایک تصویر جاری کی جس میں وہ اور شہزادہ ولیم گفتگو میں مصروف ہیں ساتھ ہی انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ برطانوی جوڑے سے ملنا میرے لئے اعزاز کی بات تھی۔ ولیم حقیقی زندگی کے شہزادے ہیں اور اُن کی آمد پر میں کافی پر جوش ہوں۔

مہوش حیات نے  کہا کہ جوڑے کی پاکستان آمد دنیا بھر کو پاکستان کی اصل مثبت پہچان کرائے گا ناکہ وہ نہیں جو میڈیا ماضی میں پاکستان سے متعلق دکھاتا رہا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑا چترال پہنچ گیا

واضح رہے برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں اور 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوں گےجب کہ  گزشتہ 10 سال میں کسی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔