غصے میں دیوار پر مکا مارنے والے مچل مارش پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر

عباس رضا  جمعرات 17 اکتوبر 2019
میری اس حرکت پر کوچ نے مجھے احمق کا خطاب دیا ، مچل مارش

میری اس حرکت پر کوچ نے مجھے احمق کا خطاب دیا ، مچل مارش

مچل مارش غصے میں دیوار پر مکا مار کر پاکستان کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے۔

ڈومیسٹک شیفیلڈ شیلڈ ٹرافی ٹورنامنٹ میں ویسٹرن آسٹریلیا ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے 53 پر آؤٹ ہونے کے بعد واپس آنے والے بیٹسمین نے ڈریسنگ روم کی دیوار پر مکا مار کر بھڑاس نکالنے کی کوشش کی لیکن ان کی درمیانی انگلی فریکچر ہوگئی، مچل  مارش کو کم از کم 6 ہفتوں کیلیے آرام کرنا ہوگا، یوں ان کی نومبر میں پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز میں شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے۔

ایک صحافی نے ان سے پوچھا کہ اس واقعہ پر کوچ جسٹن لینگر کا کیا رد عمل ہے، جواب میں مچل مارش نے کہا کہ انہوں نے مجھے احمق کا خطاب دیا ہے، میرے اور دیگر تمام کرکٹرز کیلئے یہ ایک سبق ہے، کبھی انسان جلد بھی آؤٹ ہوجاتا ہے،  اس کا یہ مطلب نہیں کہ دیواروں پر مکے مارنے لگ جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔