کراچی میں شہری نے ٹریفک پولیس اہلکار پر گاڑی چڑھا دی، ویڈیو وائرل

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 17 اکتوبر 2019

 کراچی: نیپا فلائی اوور کے قریب شہری نے روکے جانے پر گاڑی ٹریفک پولیس اہلکار پر چڑھادی خوش قسمتی سے اہلکار محفوظ رہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار کی قانون پر عمل کروانے والی انوکھی ویڈیو وائرل ہوگئی ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیپا کے قریب ٹریفک پولیس اہلکار چلتی گاڑی کے بونٹ پرموجود ہے۔ اس دوران  ٹریفک پولیس اہلکار کار سوار کو روکنے کی کوششیں کرتا رہا جس پر نیپا پوسٹ آفس کے پاس پہنچ کر شہری نے گاڑی روک دی، خوش قسمتی سے واقعے میں ٹریفک پولیس اہلکار محفوظ رہا۔

گلشن اقبال ٹریفک سیکشن میں تعینات پولیس اہلکارزاہد حسین نے بتایا کہ وہ نیپا فلائی اوور کے نیچے سرسید کٹ پر ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا اسی دوران اس کے افسر نے بیلٹ نہ پہننے پر ایک شہری کی گاڑی روکنے کی کوشش کی لیکن شہری نے گاڑی نہ روکی اور گاڑی دوڑنے کی کوشش کی لیکن اسے گاڑی کو جانے نہیں دیا جس پر شہری نے اس پر گاڑی چڑھادی۔

اس دوران اہلکار  گاڑی کے بونٹ پر چڑھ گیا۔ شہری اپنی گاڑی سرسید کٹ سے جی پی او تک لے گیا۔ اس دوران موقع پر موجود موٹر سائیکل سوار شہری بھی آگئے انھوں نے شہری کی گاڑی رکھوا دی۔

پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ گاڑی سوار شہری کی بچی اسپتال میں داخل تھی جس کی وجہ سے وہ جلدی میں تھا اُس کا مقصد ٹریفک پولیس اہلکار کو نقصان پہنچانا نہیں تھا ٹریفک پولیس نے شہری کے خلاف چالان کرتے ہوئے اُسے جانے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔