حکومت کا پرنسپل انفارمیشن آفیسر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

حیدر نسیم  جمعـء 18 اکتوبر 2019
طاہر خوشنود کی جگہ ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی ظہور برلاس کو پی آئی او تعینات کرنے کی سمری وزیر اعظم کو ارسال (فوٹو: انٹرنیٹ)

طاہر خوشنود کی جگہ ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی ظہور برلاس کو پی آئی او تعینات کرنے کی سمری وزیر اعظم کو ارسال (فوٹو: انٹرنیٹ)

 اسلام آباد: حکومت کا امیج بہتر بنانے میں ناکامی پر پی آئی او (پرنسپل انفارمیشن آفیسر) کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں ہونے والے ایک اجلاس کے بعد وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پی آئی او پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے موثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے بعد طاہر خوشنود کی جگہ ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی ظہور برلاس کو پی آئی او تعینات کرنے کی سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی گئی۔

وزارت اطلاعات نے جمعہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے سمری وزیر اعظم کو بھجوا دی جس میں کہا گیا ہے کہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی دونوں عہدے انفارمیشن کیڈر کے ہیں، پی آئی او اور ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی دونوں گریڈ 21 کے آفیسر ہیں۔

گریڈ 21 کے افسر ظہور برلاس کو 10 جون 2019ء کو ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی تعینات کیا گیا تھا جبکہ گریڈ 21 کے ہی افسر طاہر خوشنود کو 21 مئی کو پرنسپل انفارمیشن آفیسر تعینات کیا گیا۔ طاہر خوشنود 25 دسمبر کو اس سال مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔