پاکستان بنگلادیشی خدشات دور کرنے کیلیے کوشاں

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 19 اکتوبر 2019
سیکیورٹی وفد کا دورئہ نیشنل اسٹیڈیم، خفیہ کیمروں کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹی وفد کا دورئہ نیشنل اسٹیڈیم، خفیہ کیمروں کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان بنگلادیشی خدشات دور کرنے کیلیے کوشاں ہے۔

گذشتہ روز مہمان سیکیورٹی وفد نے کراچی میں انتظامات کا جائزہ لے لیا،کرنل عتیق الزمان، کمانڈر محمد رحم حسین، محمد شریف اور راسل رانا نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، ان میں مرکزی عمارت اور مختلف انکلوژرز بھی شامل تھے، وفد نے ماسٹرکمانڈ اینڈکنٹرول روم میں خفیہ کیمروں سے مانیٹرنگ کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔

وفد نے کھلاڑیوں اور آفیشلزکو لانے اور لے جانے کے لیے خصوصی آلات سے لیس بس اور سیکیورٹی قافلے کا بھی معائنہ کیا۔ ارکان اپنے موبائل کیمرے سے تصاویراور ویڈیوز بھی بناتے رہے، وفد کو کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہاکہ بنگلادیش کی تین ٹیموں کے دورئہ پاکستان کے حوالے سے فیصلہ وہاں کی حکومت کوکرنا ہے، اس کا انحصارسیکیورٹی وفد کی رپورٹ پر ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی وفد کو سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے اجلاس میں بھی بریفنگ دی گئی، وفد دوسرے مرحلے میں ہفتے کولاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا، ارکان اپنی رپورٹ بنگلادیشی حکومت اور بورڈ کو پیش کریں گے جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ ہوگا، سیکیورٹی کلیئرنس ملنے پر بنگلادیش انڈر16 ٹیم 22 اور ویمن ٹیم 23 اکتوبرکوآئے گی، مینز ٹیم کو جنوری2020 میں پاکستان کا مہمان بننا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔