بھارت میں اسپتال انتظامیہ کی بے حسی، خاتون نے سڑک پر 3 بچوں کو جنم دیدیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 اکتوبر 2019
اسپتال انتظامیہ نے خاتون کو داخل کرنے سے انکار کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

اسپتال انتظامیہ نے خاتون کو داخل کرنے سے انکار کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

بہار: بھارت میں بے حس اسپتال انتظامیہ نے حاملہ خاتون کو داخل کرنے سے انکار کردیا جس پر دردِ زہ میں مبتلا خاتون نے سڑک پر ہی 3 بچوں کو جنم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار میں 30 سالہ حاملہ خاتون رینکو دیوی کو اسپتال لایا گیا تاہم انتظامیہ نے مریضہ کو داخل کرنے کے بجائے نجی اسپتال لے جانے کا کہا جس پر خاتون نے راستے میں ہی 3 بچوں کو جنم دے دیا۔

چند عمر رسیدہ راہ گیر خواتین حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاتون کو ایک گلی میں لے گئیں اور سرراہ پردہ لگا کر ڈلیوری کا عمل انجام دیا۔ خاتون نے بہ یک وقت دو لڑکوں اور ایک لڑکی کو جنم دیا ہے۔

رینکو دیوی کے شوہر نے تین جڑواں بچوں کی پیدائش پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اسپتال کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے، خاتون اور بچے خیریت سے ہیں تاہم بچوں کا وزن کم ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جب کہ اسپتال کے ایک ملازم کو مریضہ کو داخل کرنے کے بجائے پرائیوٹ اسپتال کی راہ دکھانے پر ملازمت سے برخاست کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔