قومی ٹی 20 سیکنڈ الیون دلچسپ مرحلے میں داخل

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 20 اکتوبر 2019
سدرن پنجاب اور سندھ کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی ، کل باہمی مقابلہ رسمی ہوگا۔ فوٹو: فائل

سدرن پنجاب اور سندھ کی سیمی فائنل میں رسائی یقینی ، کل باہمی مقابلہ رسمی ہوگا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی سی بی کے تحت جاری کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا۔

6 ٹیموں کے درمیان جاری ایونٹ میں سدرن پنجاب کی ٹیم اپنے چاروں میچز جیت کرسیمی فائنل میں رسائی پانے میں کامیاب ہوگئی، سندھ کی ٹیم نے بھی اپنے چار میں سے تین میچز میں فتحیاب ہوکرفائنل فور میں جگہ بنالی، خیبرپختونخوا کی ٹیم 4 میں سے 2  میچزجیتنے میں کامیاب رہی ہے، دومیں ناکامی کا سامنا رہا، بلوچستان، سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں  صرف ایک ایک بار فتحیاب ہوئیں۔

سیمی فائنل میں نشست کنفرم کرنے والی سندھ اورسدرن پنجاب کی ٹیمیں  پیر کو رسمی مقابلہ میں شرکت کریں گی، سدرن  پہلے ہی چاروں فتوحات کے ساتھ فائنل فور میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے، اگلے روزکے پی کے کا سینٹرل پنجاب سے مقابلہ ہوگا جبکہ بلوچستان کا ٹکراؤ نادرن پنجاب  سے ہوگا، دیگر دونوں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے تعین کے بعد 23 اکتوبرکو فائنل فور مقابلے ہوں گے۔

لیگ مقابلوں کی ٹاپ ٹیم کا مقابلہ چوتھی پوزیشن پرآنے والی ٹیم سے ہوگا جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن کی حامل ٹیمیں فائنل میں رسائی کے لیے ایک دوسرے کوزیرکرنے کی کوشش کریں گی،  فائنل 24 اکتوبر کو شیڈول ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔