روشن مستقبل کا خواب، بولرز کی لاہور میں بھرپور مشقیں

عباس رضا  اتوار 20 اکتوبر 2019
اظہر، بابر اعظم اور امام الحق نے بھی بیٹنگ پریکٹس کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔ فوٹو: فائل

اظہر، بابر اعظم اور امام الحق نے بھی بیٹنگ پریکٹس کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: روشن مستقبل کا خواب آنکھوں میں سجائے بولرز کی لاہور میں بھرپور مشقیں جاری رہیں، مختصر کیمپ کے پہلے روز بولنگ کوچ وقار یونس نے  صلاحیتیں نکھارنے کیلیے کام کیا۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ہفتے اور اتوار کو کوئی میچ نہ ہونے پر بولنگ کوچ وقار یونس نے 15 بولرز کو ٹریننگ کیلیے لاہور مدعو کرلیا،ان میں بلال آصف، بلاول بھٹی، عمران خان سینئر، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد عرفان (اسپنر)، موسیٰ خان، محمد محسن، نسیم شاہ ، راحت علی ، ثمین گل، شاہین شاہ آفریدی، تابش خان ، یاسر شاہ اور زاہد محمود شامل ہیں۔

آسٹریلیا سے ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے امیدوار بھی کیمپ میں آئے ہیں، قومی ٹیسٹ ٹیم کے نومنتخب کپتان اظہر علی، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد بابر اعظم اور امام الحق صبح کو ہونے والے پہلے سیشن میں ہی موجود تھے اور تسلسل کے ساتھ بولرز کی گیندوں کا سامنا کرتے رہے، میدان میں لگائے جانے والے دونوں نیٹس میں الگ الگ اسپنرز اور پیسرز ایکشن میں نظر آئے۔

بولنگ کوچ وقار یونس نے بولرز کو کہنی اور جسم کی پوزیشن بہتر بنانے کیلیے مشورے دیے، پیسرز کی یارکرز اورشارٹ گیندوں کے استعمال کے حوالے سے بھی رہنمائی کی،ہیڈ کوچ مصباح الحق نے تمام بولرز کی کارکردگی پر گہری نظر رکھی،اس کے ساتھ وہ شاہین شاہ آفریدی اور محمدعباس کی فٹنس کا بھی جائزہ لیتے رہے۔

شاداب خان کوباقاعدہ طور پر مدعو نہیں کیا گیا تھا لیکن انھوں نے بھی فیصل آباد میں رہنے کے بجائے لاہور میں ٹریننگ کو ترجیح دی، مختصر کیمپ کا اتوار کو دوسرا اور آخری روز ہوگا۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ دورئہ آسٹریلیا کے لیے اسکواڈز منتخب کرتے ہوئے ان 15بولرز کی علاوہ بھی ناموں پر غور کیا جائے گا،ذرائع کا کہنا ہے کہ 1،2نئے چہروں کوکینگروز کیخلاف سیریز میں موقع ملے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔