انٹر کامرس گروپ ریگولر کے امتحانی نتائج کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 اکتوبر 2019
طلباکا رجحان کامرس کی طرف زیادہ ہے،پروفیسر انعام،مزمل احمد نے دوسری اورعروبہ ریاض نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: ایکسپریس

طلباکا رجحان کامرس کی طرف زیادہ ہے،پروفیسر انعام،مزمل احمد نے دوسری اورعروبہ ریاض نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ کامرس گروپ ریگولر کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں انٹرمیڈیٹ سال دوم کامرس ریگیولر گروپ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ،انٹر بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد نے ان امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباکا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کامرس ریگولر گروپ کے امتحانات میں تینوں پوزیشنز تابانیز کالج کے طلبا نے حاصل کیں، تابانیز کالج نارتھ ناظم آباد کیمپس کے انس حبیب ولد محمد حبیب رول نمبر 813712 نے 1100 میں سے 969 نمبرز  اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، اسی کالج کے مزمل احمد خان ولد مسعود احمد خان رول نمبر 813718 نے 965 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ تابانیز کالج کی عروبہ محمد ریاض بنت محمد ریاض رول نمبر 823144 نے 949 نمبرز اے ون گریڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

قائم مقام ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کامرس ریگولر کے امتحانات میں 43021 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کیجبکہ 41985 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 12888 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 30.70 فیصد رہا، ان امتحانات میں 110 امیدوار اے ون گریڈ،1084اے گریڈ، 2696 بی گریڈ، 4262 سی گریڈ، 4230 ڈی گریڈ اور 506امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے۔

پروفیسر انعام احمد کا کہنا تھا کہ پچھلے سال بھی نتائج کا تناسب 30 فیصد ہی تھا، اس سال نجی کالجز کے طلبہ نے پوزیشنز لی ہیں، بچوں کا رجحان کامرس کی طرف زیادہ ہوگیا ہے،کامرس کے اساتذہ کی تعداد بھی بڑھانے کی ضرورت ہے، گورنمنٹ کالجز کے طلبا کو محنت کرنے کی ضرورت ہے، صفر نتائج والے نجی و سرکاری کالجز کے طلبا کو کارکردگی بہتر کرنیکی ضرورت ہے، اس موقع پر پہلی پوزیشن کو تیس ہزار روپے انعام سے نوازا گیا، دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبا کو 20 ہزار روپے انعام کے طور پر دیے، تیسری پوزیشن والے طلبا کو 10 ہزار روپے انعام سے نوازا گیا۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے انس حبیب کے والد محمد حبیب اخبار فروش ہیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے انکا کہنا تھا کہ میری محنت وصول ہوگئی، میرا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے، میری خواہش تھی کہ میرا بیٹا ڈاکٹر بنے مگر بیٹے کی دلچسپی کامرس میں تھی جس کی وجہ سے اس نے کامرس کا انتخاب کیا اور بہترین نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرکے میرا نام روشن کیا ہے۔

انس حبیب کا کہنا تھا کہ پہلی پوزیشن حاصل کر کے بہت خوشی ہورہی ہے، پوزیشن حاصل کرنے میں میری محنت کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین کی بھی محنت شامل ہے، مستقبل میں بھی اسی طرح اپنے والد اور ملک کا نام روشن کرونگا، اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے نتائج کے مطابق تمام پوزیشن ہولڈرز نجی کالج کے طالبعلم ہیں جبکہ سرکاری کالج کا کوئی بھی طالبعلم نمایاں پوزیشن نہ لے سکا، نتائج اعلان کے فوری بعد ہی بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں طلبا اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ (Android App) کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں، اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK  کے نام سے سرچ کرکے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔