شہدائے کربلا کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

اسٹاف رپورٹر  اتوار 20 اکتوبر 2019

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

کراچی: ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم آج (اتوار کو) عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

چہلم کے سلسلے میں ایک جلوس مارٹن روڈ شاہ نجف سے بھی برآمد ہوگا یہ جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا نشترپارک کے مرکزی جلوس میں شامل ہوجائے گا، انتظامیہ نے چہلم شہدا کربلا کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً گرومندر سے کھارادر تک پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات ہوں گی۔

ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے ہیں،پبلک ٹرانسپورٹ کو جلوس کے راستوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی،اسکاؤٹس گروپس کی جانب سے جلوس کی گزر گاہوں پر میڈیکل موبائل سروس چلائی جائے گی،مرکزی میڈیکل کیمپ نشتر پارک پر لگایا جائے گا،نشترپارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف پانی و شربت کی سبیلیں اور استقبالیہ و طبی کیمپ لگادیے گئے ہیں۔

مرکزی جلوس شتر پارک سے بر آمد ہونے کے نمائش چورنگی پر تعمیرانی کام کی وجہ سے مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ کی جانب جائے گا جہاں شرکاء با جماعت نماز ظہرین ادا کریں گے،نماز کے بعد جلوس مزار قائد کے عقبی راستے لائنز ایریا سے کوریڈور تھری پارکنگ پلازہ، صدر، ریگل چوک سے تبت سینٹر پہنچے گا او ر وہاں سے اپنے مقررہ روایتی راستوں ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، سٹی کورٹ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

دریں اثناء مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علما کونسل، جعفریہ الائنس ، تحفظ عزاداری کونسل ، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن و دیگر شیعہ تنظیموں نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا کے چہلم ہر اتحاد و رواداری کا عملی مظاہرہ کیا جائے ،ذاکرین و علما مام عالی مقام کی حقیقی تعلیم سے آگاہ کریں اور حکومت چہلم امام حسینؓ کے موقع پر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے۔

مجلس چہلم امام حسینؓ امام بارگاہ شاہ نجف میں آج صبح 9بجے ہو گی

سفینۃ المومنین ٹرسٹ کے زیر اہتمام مجلس چہلم امام حسینؓ آج بروز اتوار صبح 9 بجے جامع مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ میں منعقد ہو گی جس سے مولانا ذوالفقار حسین نقوی خطاب کریں گے۔

بعد ختم مجلس جلوس امام مظلوم کربلا برآمد ہو گا جو جمشید روڈ اور گرومندر سے ہوتا ہوا نشتر پارک پہنچے گا جہاں مرکزی مجلس ہو گی، بعد ختم مجلس یہ جلوس نوائے وقت چورنگی، نیو پریڈی اسٹریٹ صدر، ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔