گنج منڈی میں اینٹی اسمگلنگ سیل کی سب سے بڑی کارروائی

ارشاد انصاری  اتوار 20 اکتوبر 2019
پکڑا گیا سامان 22 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ہے، سامان ممنوعہ سامان بھی ہے،عائشہ وانی۔ فوٹو: فائل

پکڑا گیا سامان 22 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ہے، سامان ممنوعہ سامان بھی ہے،عائشہ وانی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ممبر کسٹمز آپریشنز جواد آغا نے کہا ہے کہ ماڈل کسٹم کلکٹریٹ اسلام آباد کے انسداد اسمگلنگ سیل کی جانب سے گنج منڈی میں اسمگلرز کے خلاف  کارروائی کسٹمز کی تاریخ میں اینٹی اسمگلنگ سیل کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔

راجہ بازار میں کارروائی کے دوران مقامی تاجروں سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا جبکہ کلکٹر کسٹمز سیما رضا بخاری کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں واقع گودام پرچھاپے کے دوران 10 ٹرکوں میں اسمگلڈ شدہ سامان قبضے میں لیا گیا ہے۔

ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز عائشہ وانی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں گودام سے پکڑا گیا سامان 22 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا ہے، اس سامان میں بھاری تعداد میں ممنوعہ اشیا بھی برآمد کی گئی ہیں۔

کسٹمز حکام نے نامعلوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ویڈیو کے ذریعئے ملزمان کی شناخت کرکے گرفتاریاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں ماڈل کسٹم کلکٹریٹ اسلام آباد کے انسداد سمگلنگ ڈویڑن کی طرف سے گنج منڈی میں سمگلرز کے خلاف کارروائی کے دوران پکڑے جانیوالاسمگل شْدہ سامان گذشتہ روز(ہفتہ)اسلام آباد کے سیکٹر جی بارہ میں قائم کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے اسٹیٹ ویئر ہاوس منتقل کردیا گیا ہے۔

سامان کی منتقلی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا اور میڈیا کو سمگلروں سے پکڑے جانے والھے سمگل شْدہ اشیا سے بھرے ٹرکوں سے اتاری جانیوالی اشیا بارے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ ایف بی آر کی کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ماڈل کسٹم کلکٹریٹ اسلام آباد کے انسداد سمگلنگ ڈویژن کی جانب سے گنج منڈی میں اسمگلرز کے خلاف کی جانیوالی کارروائی کے نتیجہ میں ممنوعہ اشیاسمیت یہ تمام غیر ملکی اسمگل شدہ سامان  قبضے میں لیا گیا ہے اور اس ضبط کیے گئے سامان میں شیشہ سموکنگ میں استعمال ہونے والا مواد ، غیر ملکی سگریٹ ، کپڑا ، کاسمیٹکس اور دیگر ممنوعہ سامان شامل ہے جس کی بھاری کھیپ کارروائی کے دوران ضبط کر لی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔