بھارت میں طاقتور اژدھے سے ایک شخص کی گردن چھڑانے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 20 اکتوبر 2019
جھاڑیوں کی صفائی کے دوران اژدھے نے دیہاتی پر حملہ کردیا (فوٹو : ویڈیو گریب)

جھاڑیوں کی صفائی کے دوران اژدھے نے دیہاتی پر حملہ کردیا (فوٹو : ویڈیو گریب)

کیرالہ: بھارت میں 10 فٹ لمبے اژدھے نے 60 سالہ شخص کی گردن کے گرد لپٹ کر جکڑلیا تاہم خوش قسمتی سے ساتھیوں نے انہیں آزاد کرالیا اس ہولناک منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں 61 سالہ بھون چندرن نامی شخص اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جھاڑیاں کاٹ رہا تھا کہ اس دوران ایک اژدھا نکل آٰیا۔ بھون نے 10 فٹ لمبے طاقتور اژدہے کو قابو کرنے کی کوشش کی تاہم اس دوران اژدہے نے گردن کے گرد لپٹ کر اس شخص کا دم گھوٹنا شروع کردیا۔

اپنے ساتھی کو مشکل میں دیکھ کر دیہاتیوں نے اژدھے کو ہٹانے کی کوششیں جاری رکھیں اور اسی دوران کسی نے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین دیہاتی اژدھے کو پوری قوت سے اپنے دوست کی گردن سے علیحدہ کررہے ہیں جس میں وہ کامیاب بھی ہوجاتے ہیں۔

دوسری جانب ریسکیو ادارے کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اژدھے کو اپنے قبضے میں لے لیا اور دو دن تک اپنے پاس رکھ کر طبی معائنہ کیا جائے گا اس کے بعد اژدھے کو جنگل میں چھوڑ دیا جائے گا۔ بھون اژدھے کی جکڑ سے معمولی زخمی ہوا ہے اور خوش قسمتی سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔