40 ممالک کا سفر کرنے والے روسی سیاح نے پاکستانیوں کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

کاشف حسین  پير 21 اکتوبر 2019
پاکستانی عوام بہت مہمان نواز ہیں یہاں کا سفر محفوظ ہونے کے ساتھ کم خرچ بھی ہے، روسی سیاح (فوٹو: سوشل میڈیا)

پاکستانی عوام بہت مہمان نواز ہیں یہاں کا سفر محفوظ ہونے کے ساتھ کم خرچ بھی ہے، روسی سیاح (فوٹو: سوشل میڈیا)

 کراچی: دنیا کے 40 ممالک کا سفر کرنے والے روسی سیاح اولیگ Oleg Prikhodko نے سیاحت کے لیے پاکستان کو بہترین ملک قرار دیتے ہوئے عوام کی تعریفوں کے پل باندھ دیے جب کہ کراچی کو محفوظ شہر قرار دیا ہے۔

ایک ماہ تک قیام کے دوران شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے بعد اپنے سفر کا اختتام کراچی میں کرنے والے روسی سیاح نے کراچی کے گنجان علاقوں جوڑیا بازار اور لیاری سے متصل لی مارکیٹ کے بازاروں کی سیر کی اور مقامی افراد سے گھل مل گئے۔ روسی سیاح چین سے براستہ خنجراب پاس پاکستان پہنچے اور وہاں سے شمالی علاقہ جات ہنزہ، چترال، گلگت اور کیلاش وادی کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اسلام آباد پہنچے جہاں سے بذریعہ ٹرین کراچی تک کا سفر کیا۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan 2

تمام ممالک میں پیدل یا لفٹ لے کر سفر کرتا ہوں، روسی سیاح

اپنے سفر کے بارے میں ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ دنیا کے 40 ممالک کا سفر کرچکے ہیں اور ان ممالک میں سفر کی فلم بندی کرکے اپنا یوٹیوب چینل چلارہے ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل کے مستقل سبسکرائبرز کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔ سیاحت کا آغاز چھ سال قبل کیا اور تمام ممالک میں پیدل یا لفٹ لے کر سفر کرتے ہیں، خنجراب پاس سے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا سفر بھی ٹریکٹر، ٹرک، موٹر سائیکلوں پر لفٹ لے کر کیا۔

پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا کے حسین ترین مقامات میں شامل ہیں

روسی شہری اولیگ نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات دنیا کے حسین ترین مقامات میں شامل ہیں یہاں کی ثقافت بہت رنگا رنگ اور دلچسپ ہے، پاکستان کے عوام بہت مہمان نواز ہیں اور پاکستان کا سفر محفوظ ہونے کے ساتھ کم خرچ بھی ہے۔ انہوں نے کراچی میں قیام کے دوران شہر کے نئے اور بندرگاہ سے متصل قدیم علاقوں کا دورہ کیا جہاں برطانوی دور حکومت میں تعمیر کی جانے والی تاریخی عمارتوں نے انہیں بے حد متاثر کیا۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan

کراچی میں کہیں بھی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوا، اولیگ

روسی سیاح نے کراچی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں جدت اور قدامت کا حسین امتزاج ہے شہر میں اونچی اونچی عمارتیں جدید طرز تعمیر کی علامت ہیں، ساتھ ہی برطانوی دور کی عمارتیں ہیں جو پاکستان کے ماضی کی جھلک پیش کرتی ہیں۔ روسی سیاح نے کہا کہ کراچی میں قیام کے دوران انہیں کسی وقت بھی عدم تحفظ کا احساس نہیں ہوا حقیقت اور سنی سنائی باتوں میں بہت فرق ہے، پاکستان کے بارے میں دنیا بھر میں پھیلائی گئی منفی باتیں غلط ہیں۔

سفر کا احوال یوٹیوب چینل پر دیکر پاکستانی عوام کو اجاگر کروں گا، روسی سیاح

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام اور سفر کے بارے میں معلوماتی ویڈیوز اپنے یوٹیوب چینل پر پیش کرکے روسی عوام کو پاکستان کا مثبت اور حقیقی چہرہ سے روشناس کرائیں گے جس سے روس اور پاکستان کے درمیان فاصلے تیزی سے کم کرنے میں مدد ملے گی اور مزید سیاح پاکستان کا رخ کریں گے۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan 7

لیاری کا دورہ، دکان دار خوش، تحائف پیش کیے

روسی سیاح نے لیاری کی مشہور لی مارکیٹ کا دورہ کیا اور لیاری کے مشہور مقامات کی تصاویر بنائیں لیاری میں مختلف زبانیں بولنے والے افراد نے بھی روسی سیاح کا خیرمقدم کیا اور ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں اور چائے کی پیشکش کی۔ روسی سیاح کو لی مارکیٹ کے ایک دکان دار نے پشاوری چپلوں کا تحفہ پیش کیا۔ روسی سیاح نے کہا کہ انہیں اتنے زیادہ تحفے ملے ہیں کہ ان کے لگیج میں جگہ ختم ہوچکی ہے لیکن جہاں جاتا ہوں پاکستانی عوام محبت سے پیش آتے ہیں اور تحائف دے کر محبت کا اظہار کرتے ہیں۔

غیر ملکی سیاح کو دیکھ کر خوشی ہوئی، دکان دار

روسی سیاح نے جوڑیا بازار سے متصل علاقوں ڈینسو ہال کی عمارت کا بھی دورہ کیا اور تصاویر بنوائیں۔ انہوں نے لی مارکیٹ کے اندرونی حصوں کا بھی دورہ کیا جہاں دکان دار غیر ملکی سیاح کو دیکھ کر حیران اور خوش ہوئے۔ دکان داروں کا کہنا تھا کہ طویل عرصہ کے بعد کسی غیر ملکی سیاح کو لیاری میں دیکھا ہے غیرملکی سیاح کی لیاری میں بلا خوف و خطر نقل وحرکت ا س بات کا ثبوت ہے کہ کراچی ایک محفوظ شہر ہے اور لیاری سے بھی منفی عناصر کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan 3

ماضی میں ویزا مشکل سے ملتا تھا اب پروسس آسان ہے، سیاح

روسی سیاح کا کہنا ہے کہ انہوں نے اب تک 40 ممالک کی سیاحت کی تھی لیکن پاکستان کا سفر ہمیشہ سے ان کی خواہش رہی، ماضی میں پاکستان کے ویزے کا حصول بہت مشکل تھا موجودہ حکومت نے ویزے کے عمل کو آسان بنادیا ہے اور انہیں ویزا حاصل کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی، اب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایک دن میں الیکٹرانک ویزا بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

روس کے سیاح پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں

انہوں نے بتایا کہ روس کے سیاح پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں لیکن ویزے کا حصول ایک رکاوٹ بنا رہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی ان کے چینل پر پاکستان کے حسین مقامات، سیکیورٹی کی بہترین صورتحال اور ویزے کے حصول کا آسان طریقہ جاننے کے بعد روسی سیاحوں کی بڑی تعداد پاکستان کا رخ کرے گی۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan 4

روس بھی جلد پاکستانیوں کیلیے ویزا پروسس آسان کردے گا

روسی سیاح نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین سیاحت کے شعبے میں تعاون سے پاکستان اور روس تیزی سے قریب آسکتے ہیں اس سلسلے میں ویزے کے حصول کو دوطرفہ سطح پر آسان بنانا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی طرح روس بھی جلد پاکستانی سیاحوں کے لیے ویزے کے اجراءکا عمل آسان بنادے گا اور پاکستانی سیاح بھی روس کا سفر کرسکیں گے۔

پاکستان میں ہر 100 کلومیٹر ثقافت تبدیل ہوجاتی ہے

پاکستان میں خنجراب سے کراچی تک سفر کے دوران روسی سیاح کو پاکستان میں ثقافتی تنوع نے سب سے زیادہ متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر 100 کلومیٹر کے سفر کے بعد پاکستان میں ثقافت تبدیل ہوجاتی ہے اور اس فرق کا مشاہدہ بہت دلچسپ ہے۔ پہناوے، کھانے اور رسم و رواج تبدیل ہوتے ہیں زبان میں بھی تبدیلی آتی ہے لیکن مہمان نوازی ایک ایسا عنصر ہے جو تمام ثقافتوں میں پایا جاتا ہے۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan 5

یہاں چائے اور قہوہ بہت پیا، مسالے والے کھانے اچھے لگے

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں قیام کے دوران انہوں نے بہت زیادہ چائے اور قہوہ استعمال کیا، پہلی مرتبہ پشاور میں قہوہ پیا جو بہت اچھا لگا، اس کے علاوہ مرچ مسالے والے کھانے بھی اچھے لگے، شمالی علاقہ جات میں کچھ مقامات ایسے بھی دیکھے جو انہیں زندگی بھر یاد رہیں گے چترال کے علاقے اور کیلاش وادی کا سفر بے حد یادگار رہا۔

پاکستان دوبارہ آنے کی خواہش ہے

روسی سیاح کا کہنا ہے کہ پاکستان دوبارہ آنے کی خواہش ہے، اب تک 45 ہزار کلومیٹر سے زائد رقبے کا سفر کرچکے ہیں سفر کے دوران ہمیشہ لفٹ لیتے ہیں کیونکہ لفٹ لینے سے مقامی ثقافت کے بارے میں جاننے کا موقع ملتا ہے، اسی طرح بڑے ہوٹلوں میں قیام کے بجائے اس علاقے میں کسی کی میزبانی قبول کرنا زیادہ بہتر سمجھتے ہیں تاکہ لوگوں سے گھل مل سکیں اور ثقافت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات مل سکے۔

Russian Tourist Oleg Prikhodko visit pakistan 6

جس علاقے میں بھی گیا عمران خان کو مقبول لیڈر پایا

پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت نے روسی سیاح کو بھی عمران خان کا گرویدہ بنالیا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے سفر کے دوران میں نے جس علاقے میں بھی عوام سے مقبول لیڈر کے بار ے میں رائے دریافت کی تو سب نے عمران خان کا نام لیا، صرف چترال میں ایک ٹیکسی ڈرائیور ایسا ملا جسے عمران خان کی پالیسی یا سوچ سے اختلاف تھا۔

سیاح دوست ملک بننے سے پاکستان کو بہت فوائد ملیں گے

روسی سیاح نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے نوجوانوں کے لیے فکر مند ہیں اور پاکستان کے سیاحتی مقامات کو پاکستان کی مثبت تصویر اجاگر کرنے کا ذریعہ بنانا چاہتے ہیں جس کے لیے انہوں نے ویزا پالیسی میں تبدیلی کرکے پاکستان کے ویزے کے حصول کو آسان بنایا ہے پاکستان کو ٹورسٹ دوست ملک کے طور پر پیش کرنے سے پاکستان کو دور رس فوائد حاصل ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔