فضل الرحمان سمجھدار انسان ہیں بند گلی میں نہیں جائیں گے، نور الحق قادری

ویب ڈیسک  پير 21 اکتوبر 2019
 آزادی مارچ کے حوالے سے صوبائی حکومت کی الگ اور مرکزی حکومت کی الگ حکمت عملی ہے، نورالحق قادری (فوٹو: فائل)

آزادی مارچ کے حوالے سے صوبائی حکومت کی الگ اور مرکزی حکومت کی الگ حکمت عملی ہے، نورالحق قادری (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ فضل الرحمان سمجھ دار انسان ہیں وہ بند گلی کی طرف نہیں جائیں گے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی (ف) سے اچانک مذاکرات ملتوی کرنے کی وجہ رہبر کمیٹی سے رائے لینا تھی، مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی سے رائے کی غرض سے بات چیت ملتوی کرائی اور اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے رہبر بھی مولانا فضل الرحمان خود ہیں۔

نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان سمجھ دار انسان ہیں وہ بند گلی کی طرف نہیں جائیں گے، ہمیں امید ہے دھرنے کی نوبت نہیں آئے گی اور مذاکرات کے ذریعے بہتری کی امید ہے، پاکستان کے لیے جو بہتر ہوگا وہی اقدام کریں گے، انتظامی معاملات انتظامیہ اپنے طور پر طے کرتی ہے، آزادی مارچ کے حوالے سے صوبائی حکومت کی الگ اور مرکزی حکومت کی الگ حکمت عملی ہے۔

اپوزیشن کو دھرنے کے لیے کینٹینر فراہم کرنے کے وعدے کے سوال پر وفاقی وزیرنے مسکراتے ہوئے کہا کہ اس کنٹینرز کو زنگ لگ گیا وہ اب زنگ آلود ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔